دونوں ممالک کا غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو، آسٹریلوی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت
اسلام آباد۔(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آسٹریلیا کے وزیر داخلہ ٹونی برک کے درمیان ویڈیو لنک میٹنگ ہوئی جس میں دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی کے حوالے سے تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔پاکستان اور آسٹریلیا کے وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے افسران کے لئے ٹریننگ پروگرامز کے آغاز کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی اور ایف ائی اے کے ساتھ آسٹریلوی اداروں کا اشتراک کار بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ویڈیو لنک میٹنگ میں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے لئے سیکیورٹی انتظامات کے بارے بتایا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آسٹریلوی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ۔دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا


