نووارد امریکہ نے ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر کے حریفوں کی نیندیں اڑا دی ہیں
امریکہ نے بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے فتح حاصل کی
میچ میں پاکستانی کپتان کے لئے خوشی کی ایک ہی بات تھی کہ وہ ٹی 20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے

ڈیلاس : کرکٹ میں نووار د امریکہ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان کو شکست دے دی ہے۔ امریکہ نے بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے فتح حاصل کی۔ پاکستانی کھلاڑی تین وکٹیں جلد گر جانے کے باعث دبائو میں آگئے جو میچ کے آخر تک برقرار رہا اور امریکہ نے سپر اور میں پاکستان کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا بڑا اپ سیٹ کردیا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور امریکا کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر ہوگیا جس کے بعد امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے دی۔سپر اوور میں پاکستان کو 19 رنز کا ہدف ملا تاہم پاکستانی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 13 رنز بناسکی۔
امریکا کے شہر ڈیلاس میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 11ویں میچ کے سپر اوور میں امریکا کی جانب سے ایرون جونز اور ہرمیت سنگھ بیٹنگ کے لیے آئے، جب کہ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے سپر اوور کروایا جس میں انہوں نے 19 رنز دیے۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے جس کے جواب میں امریکی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
امریکا کو آخری 3 گیندوں پر 12 رنز درکار تھے جب ایرون جونز نے حارث رف کو چھکا مارا اور اگلی گیند پر سنگل بن گیا جس کے بعد آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے، نتیش کمار نے حارث رف کو چوکا مارکر میچ برابر کردیا۔
امریکا اننگز: امریکا کی جانب سے اسٹیون ٹیلر اور کپتان مونانک پٹیل نے اننگز کا آغاز کیا، ٹیلر 12 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے جب کہ کپتان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، وہ 50 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔اینڈریز گوس نے 35 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جب کہ ایرون جونز نے 36 رنز بنائے اور وہ آخر تک وکٹ پر ڈٹے رہے، نتیش کمار 14 رنز پر ناٹ آٹ رہے۔قومی ٹیم کی جانب محمد عامر، نسیم شاہ اور حارث رف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم رضوان صرف 9 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، محمد عثمان 3 اور فخرزمان 11 رنز بناسکے۔
بابراعظم اور شاداب خان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، شاداب 40 اور بابراعظم 44 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ اعظم خان کھاتہ کھولے بغیر آٹ ہوئے، افتخار احمد 18 رنز بناسکے، جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔امریکا کی جانب سے نوتوش کینجی نے 3، سوراب نیٹراوالکر نے 2 ، علی خان نے ایک وکٹ لی۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹی ٹوئںٹی ورلڈکپ 2024 میں اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہے، جب کہ امریکا نے اپنے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو شکست دی تھی۔
میچ میں پاکستانی کپتان کے لئے خوشی کی ایک ہی بات تھی کہ وہ ٹی 20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔میچ کے دوران قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں اپنے پہلے میچ کے دوران امریکا کے خلاف بابراعظم نے 44 رنز کی اننگز کھیلی، اس دوران انہوں نے اہم سنگ میل عبور کرلیا۔انہوں نے امریکا کے خلاف میچ میں اپنی اننگز کا 16 واں رن لے کر بھارت کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑا، ویرات کوہلی نے 110 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں 4038 رنز بنائے ہیں۔
جبکہ بابر اعظم نے 119 میچ کھیل کر 4066 رنز بنا کر ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی 4 ہزار 38 رنز کے ساتھ دوسرے، بھارت کے کپتان روہت شرما 4 ہزار 26 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اس فہرست میں 3 ہزار 203 رنز کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ امریکہ نے پاکستان کو پچھاڑ دیا




