وزیرداخلہ کی سکیورٹی پلان کے ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت
وضع کردہ پلان کی ہر سطح پر باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے ۔ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لئے متعلقہ ادارے قریبی رابطہ رکھیں
وزیر داخلہ کی زیرصدارت اہم اجلاس۔ غیر ملکیوں خصوصاچینی شہریوں کی حفاظت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ملکی سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر غور
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں غیر ملکیوں خصوصاچینی شہریوں کی حفاظت کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ ملک میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی پلان کے ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ہدایات دیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ وضع کردہ پلان کی ہر سطح پر باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لئے متعلقہ ادارے قریبی رابطہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پلان پر کسی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں۔وزارت داخلہ سمیت متعلقہ اداروں کی جانب سے سکیورٹی پلان اور مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، سربراہ نیکٹا محمد طاہر رائے، کوآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان۔ متعلقہ اداروں اور وزارت داخلہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

