بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ کا چمپئین،ہندوستان میں جشن


فائنل میں جنوبی افریقا کو دلچسپ مقابلے کے بعد سات رنز سے شکست
آخری پانچ اورز میں بھارتی فاسٹ بولرز نے میچ جنوبی افریقہ سے چھین لیا
بھارتی کپتان روہت شرما اور سٹار بیٹرکوہلی نے ٹی 20 سے ریٹائرمنٹ کا بھی اعلان کر دیا
بھارتی وزیراعظم کی چمپئین لکھ کر ٹیم کو مبارکباد،بھارتی وزیرداخلہ کا گرائونڈ میں ہی روہت شرما کو فون


بار باڈوس: کینسنگٹن اوول اسٹیڈیم بارباڈوس میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقاکو سات رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل اپنے نام کر لیا۔ یہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کی دوسری کامیابی ہے ۔اس سے قبل بھارت 2007 ء میں پاکستان کو شکست دے کر ٹی 20 کا چمپئین بنا تھا۔بھارت وزیراعظم نریندر مودی کی بھی ٹیم کو مبارکباد ، بھارتی وزیرداخلہ نے میچ کے اختتام پر گرائونڈ میں ہی فون کرن کے کپتان روہت شرما کو مبارکباد دی۔
بڑے میچ کا پریشر نہ لے سکنے کے حوالے سے معروف جنوبی افریقی ٹیم ایک بار پھر بڑے مقابلے میں چوک کرگئی اور بھارت کے 176 رنز کے جواب میں 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بناسکی۔
بھارت اس ٹورنامنٹ میں فائنل تک ناقابل شکست رہا اور یہ ٹی 20 کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم نے بغیر کوئی میچ ہارے ٹرافی جیتی ہے۔ٹورنامنٹ میں شاندار بولنگ کرنے پر جسپریت بمراہ کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے آٹھ میچز میں 15 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فائنل میں 76 رنز کی اننگز پر ویرات کوہلی مین آف دی میچ قرار پائے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے ہینری کلاسن 52 رنز، کوئنٹن ڈی کوک 39 رنز اور ٹرسٹن اسٹبس 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ریزا ہینڈرکس اور ایڈن مارکرم نے 4، 4 رنز، مارکو جینسن 2 اور کاگیسو ربادا 4 رنز بناکر آوٹ ہوئے، کیشو مہاراج 2 اور اینرچ نورٹجے 1 رن کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔بھارت کی طرف سے ہارڈک پانڈیا نے 3، ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ نے 2، 2 اور اکسر پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
قبل ازیں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ ویرات کو ہلی 76 اور اکسر پٹیل 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔بھارت کی پہلی اور دوسری وکٹ 23 رنز کے مجموعی اسکور پر گریں، کپتان روہت شرما 9 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوگئے انکے بعد بیٹنگ کیلئے آنیوالے رشبھ پنت بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔بھارت کو تیسرا نقصان 34 رنز کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب سوریا کمار یادو 3 رنز بناکر کیچ تھما گئے۔بھارت کی چوتھی وکٹ 106 رنز پر گری جب اکسر پٹیل 47 رنز بنانے کے بعد رن آوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ 163 رنز کے مجموعی اسکور پر ویرات کوہلی 76 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔آخری اوور میں شیوم دوبے 27 اور رویندرا جڈیجا 2 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ ہاردک پانڈیا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔جنوبی افریقا کی طرف سے کیشو مہاراج اور اینرچ نورٹجے نے 2، 2، کاگیسو ربادا اور مارکو جینسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بھارت کے 176 رنز کے جواب میں 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز ہی بناسکی اور اس طرح سات رنز سے میچ ہا گئی ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی بھارت کی طرح ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی تھی تاہم فائنل میں وہ بھارت کے مقابلے میں اپنی جیت کا تسلسل برقرارنہ رکھ سکی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔