چینی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیع سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کے لیے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے،محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر سے ملاقات کی اور کراچی میں چینی شہریوں کے فائرنگ سے زخمی ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد میں واقع چینی سفارت خانے گئے جہاں انہوں نے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی، محسن نقوی نے کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے 2 چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے واقعے کی تفصیلات اور تحقیقات میں پیشرفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا، اس موقع پر انہوں نے چین کے سفیر ، حکومت اور زخمی چینی شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیا۔ دونوں شخصیات نے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائیگا۔ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور پائیدار شرکت دار ہیں، مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، ہم ترقی اور سکیورٹی کو مربوط کرنے کے چینی تصور سے پوری طرح متفق ہیں، چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کے لیے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ چینی شہریوں کے لیے محفوظ اور پر امن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے پاک چین دوستی مسلسل پروان چڑھ رہی ہے جب کہ عملی تعاون میں بھی جامع پیشرفت ہوئی ہے۔چینی سفیر نے کہا کہ چین دوطرفہ سیکورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور پاکستانی اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تیار ہے۔
چینی سفیر نے چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر بہترین انتظامات پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحت کے متعلق بھی دریافت کیا اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چینی سفیر نے آگاہ کیا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے صدر پاکستان کو خط لکھا ہے اور انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ اور چینی سفارت خانے کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محسن نقوی کی چینی سفیر سے ملاقات، کراچی میں چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس



