دنیا کی مختصر ترین پرواز، وقت 2 منٹ سے بھی کم

اس مختصر ترین کمرشل پرواز کا آغاز 1967میں ہوا جو تاحال جاری ہے

اسلام آباد:ہوائی جہاز کا سفر عام طور پر طویل فاصلے کوطے کرنے کے لئے کیا جاتا ہے لیکن آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ دنیا میں 2 منٹ سے بھی کم کی ایک انتہائی مختصر ترین فلائیٹ بھی چل رہی ہے جس کا آغاز 1967 ء میں ہوا تھا آج بھی جاری ہے ۔
آج کے دور میں لوگ فاصلے کو طے کرنے کیلئے پروازوں سے سفرکو ترجیح دیتے ہیں لیکن اس کا انتخاب طویل فاصلے کو طے کرنے کے لئے کرتے ہیں۔
تاہم آج ہم قارئین کو دنیا کے سب سے مختصر ترین ہوائی سفر کے بارے میں بتائیں گے جس میں صرف 2.7 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جاتا ہے ، وہ بھی 1 یا 2 منٹ میں۔ جی ہاں سکاٹ لینڈ کے جزائر ویسٹرے اور پاپا ویسٹرے کے درمیان ہونے والی پرواز مختصر ترین کمرشل پرواز کا عالمی ریکارڈ رکھتی ہے ۔ ہوائی جہاز عام طور پر صرف 2 منٹ کے لئے ہوا میں رہتا ہے، اس کمرشل فلائٹ کا نام بھی عالمی ریکارڈ میں درج ہے جو شروع ہوتے ہی ختم ہو جاتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاپا ویسٹرے کے پاس دنیا کی سب سے مختصر پرواز کا ریکارڈ ہے۔ یہ طیارہ کمرشل فلائٹ ہے جو صرف دو منٹ میں شروع اور ختم ہوتی ہے۔ ہم میں سے زیادہ تر لوگ 1.7 میل یعنی 2.7 کلومیٹر کے فاصلے جیسے مختصر سفر کے لیے کار یں ، بس یا پیدل سفر کرتے ہیں لیکن شمالی اسکاٹ لینڈ کے جزائر میں رہنے والوں کے لیے یہ فاصلہ ہوائی جہاز کے ذریعے طے کیا جاتا ہے۔
ایک برٹن نارمن آئی لینڈر، ایک چھوٹا طیارہ جس میں صرف 8 نشستیں ہیں اور مسافروں کی نقل و حمل کے لئے صرف ایک پائلٹ ہو تا ہے ، اورکنی جزائر اور ویسٹرے کے درمیان اس پرواز میں عام طور پر 90 سیکنڈ لگتے ہیں لیکن اگر موسم سازگار نہ ہو تو اس میں 2 یا 3 منٹ لگ سکتے ہیں۔
یہ فاصلہ اورکنی جزائر سے فیری کے ذریعہ بھی طے کیا جاسکتا ہے ، لیکن جب پانی کی سطح بڑھ جاتی ہے تو یہ ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا ہے۔ ایسے میں لوگ اس مختصر فاصلے کے لیے ہوائی جہاز کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ پرواز پہلی بار 1967 میں شروع ہوئی تھی اور تب سے اسی طرح چل رہی ہے۔ اس کے لیے سکاٹ لینڈ کی حکومت نے سبسڈی والے ٹکٹ بھی رکھے ہیں جن کی قیمت تقریبا 2 ہزار سے 4 ہزار 700 روپے ہے۔