طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری، پاکستا نی 104ویں نمبر پر


سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ ، اس کے شہری 195 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں


اسلام آباد:ہینلے اینڈ پارٹنرز نے 2024 کی دوسری ششماہی کے لیے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان ایک بار پھر نچلے نمبروں پر موجود ہے۔ جاری کی گئی فہرست میں ایشیائی ملک سنگاپور کے پاسپورٹ کو طاقتور ترین قرار دیا گیا ہے۔سنگاپور کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد 195 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔
فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور اسپین کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں جن کے حامل افراد کو 194 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہوجاتی ہے۔
آسٹریا، جنوبی کوریا، فن لینڈ، آئرلینڈ، لگسمبرگ، سویڈن اور نیدرلینڈز کے پاسپورٹس 193 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
بیلجیئم اور برطانیہ کے حصے میں چوتھا نمبر آیا اور ان ممالک کے پاسپورٹس سے 192 ممالک میں ویزا فری رسائی مل سکتی ہے۔
191 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ ناروے، پرتگال اور سوئٹزر لینڈ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر 5 ویں نمبر پر رہے۔
یہ تو لسٹ کا اوپر والا حصہ ہے تاہم اگر آپ نے پاکستان کے پاسپورٹ کی اہمیت معلوم کرنی ہے تو آپ کو لسٹ کے اوپر والے نمبروں میں نہیں لسٹ کو اس کے اختتام کی جانب سے دیکھنا ہوگا۔پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا ہے۔
مجموعی طور پر پاکستانی پاسپورٹ کے حصے میں 104 واں نمبر آیا اور اس پر 34 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے۔
پاکستان سے نیچے عراق (105)، شام (106) اور افغانستان کا (107) نمبر ہے۔