اسلام آباد پولیس کی بروقت کاروائی شہربڑی تباہی سے بچ گیا


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔ ترجمان اسلام آبادپولیس کے مطابق اسلام آباد کے علاقے تھانہ سنگجانی کی حدود میں کارروائی کے دوران پولیس نے ہینڈ گرنیڈ ، ڈیٹونیٹر اور خودکش جیکٹ کا سامان برآمد کر لیا ہے ۔جسے دہشت گردوں نے اسلام آباد میں کسی بڑی کاروائی کے لئے جمع کررکھا تھا۔
خفیہ اطلاع پر پولیس آپریشن کے دوران کچھ ملزمان پولیس ٹیم کو دیکھ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ترجمان پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر کے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
دوسری جانب اسلام آباد کے علاقے تھانہ شہزاد ٹان میں پولیس اہلکاروں پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ پولیس نے 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے دعوی کیا کہ 3 مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکا گیا تو ایک نے فائرنگ کر دی۔ اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے 2 ملزمان زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کرنے والا ملزم فرار ہو گیا۔زخمی ملزمان کو گرفتار کر کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گرفتار ملزمان پولیس کو دہشت گردی سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔