14 اگست جشن آزادی آج سے ترکیہ کے شہریوں کو فری آن لائن ویزا کی سہولت میسر ہو گی

اس اقدام سے ترکیہ کے بہن بھائیوں کو پاکستان آنے میں بہت آسانی ہو گی، پولیس افسران کو تربیت کیلئے ترکیہ بھیجنے کا بھی فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پر ترکیہ کے سفیر کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں پاکستان ترکیہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان اور ترکیہ کے مابین سیکورٹی، پولیس اور سول آرمڈ فورسز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر ایکسچینج پروگرام کے تحت پاکستانی پولیس افسران کو تربیت کیلئے ترکیہ بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس سال 14 اگست سے ترکیہ کے شہریوں کو بغیر کسی فیس کے آن لائن ویزا کی سہولت میسر ہو گی اور اس اقدام سے ترکیہ کے بہن بھائیوں کو پاکستان آنے میں بہت آسانی ہو گی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ترکیہ حکومت کی دعوت پر اکتوبر میں ترکیہ کا دورہ کروں گا، دورے میں باہمی اشتراک کار بڑھانے پر نتیجہ خیز اقدامات تجویز کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، ترکیہ کے ساتھ دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تجارتی روابط ہیں، جن کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ ملاقات میں ترکیہ میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی، اس ضمن میں معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔