معاشرے میں غیر ازدواجی تعلقات، افیئرز اور معاشقے توقابل قبول لیکن ایک سے زائد بار شادیوں کو قبول نہیں کیا جاتا،پوڈ کاسٹ میں گفتگو

اسلام آباد:ماضی کی معروف ہیروئن اداکارہ نور بخاری نے کہا ہے کہ انہوں نے چار نہیں بلکہ تین مردوں سے چار بار شادیاں کیں،ایک ہی مرد سے دو بار شادی کی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو یہ غلط فہمی ہوئی ہے کہ انہوں نے چار شادیاں کی ہیں
اداکارہ نور بخاری نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں اپنے شوبز کیریئر کو خیرآباد کہ کر اسلامی تعلیمات کے تحت زندگی گزارنے پر گفتگو کی۔اس دوران نور بخاری کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں غیر ازدواجی تعلقات، افیئرز اور معاشقے توقابل قبول ہوتے ہیں لیکن ایک سے زائد بار شادیوں کو قبول نہیں کیا جاتا، انہوں نے دیگر گناہوں اور غلطیوں کے بجائے نکاح اور شادیوں کو ترجیح دی اس لیے ایک سے زائد شادیاں کیں۔
نور بخاری نے یہ بھی اعتراف کیاکہ انہوں نے تمام شادیاں پسند اور عشق سے کیں لیکن بد قسمتی سے شادیاں نہیں چلیں،انہوں نے چار نہیں بلکہ تین مردوں سے چار بار شادی کی جبکہ عون چوہدری سے انہوں نے دوسری بار شادی کی ہے لیکن لوگوں نے ان کی پانچ شادیاں بنا دی ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں نور بخاری نے بتایاکہ عون چوہدری اور ان کے درمیان اختلافات ضرور ہوئے تھے لیکن دونوں ایک دوسرے کی عزت کرتے تھے اور چونکہ ان کی بیٹی فاطمہ تھی اس لیے بھی انہوں نے دوبارہ شادی کی،ان کے تین ہی بچے ہیں اور تینوں کے والد ایک ہی یعنی عون چوہدری ہیں۔نور بخاری کا کہنا تھا کہ ان کی بڑی صاحبزادی فاطمہ کی عمر 11 سال، دوسری بیٹی شہربانو کی عمر 4 سال جبکہ بیٹے محمد علی رضا ایک سال کے ہیں ۔



