مسلط شدہ ناجائز حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے تیسری بار تاریخی فرار اختیار کیا

پارلیمان کا اس بری طرح استعمال تاریخ میں کبھی نہیں ہوا جیسا اس وقت ہو رہا ہے عامرمغل

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر عامر مغل نے کہا ہے کہ مسلط شدہ ناجائز حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے تیسری بار تاریخی فرار اختیار کیا ہے۔ پارلیمان کا اس بری طرح استعمال تاریخ میں کبھی نہیں ہوا جیسا اس وقت ہو رہا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے PDM 1 نے یونین کونسلز کی تعداد 100 سے 101 تک بڑھا کر بلدیات سے فرار اختیار کیا۔پھر جب 101 پر الیکشن قریب آ گیا تو اچانک یوسیز کی تعداد 125 تک بڑھا کر الیکشن سے راہ فرار اختیار کی گئی۔ عامر مغل نے کہا اب جبکہ 125 یوسیز کی حلقہ بندی مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن شیڈول بھی جاری کر چکا نامزدگی فارم بھی جمع ہو چکے اچانک پارلیمنٹ میں نیا قانون پیش کر دیا گیا ہے ۔آج پھر مسط شدہ ن لیگی و پیپلز پارٹی ناجائز حکومت ایک بار پھر عوامی عدالت سے بھاگ کر ناجائز قانون سازی کے پیچھے چھپ گئی ہے۔ عامر مغل نے کہا چئیرمین و وائس چئیرمین کا براہ راست انتخاب ختم کرنے کا مقصد خرید و فروخت ہے ۔منصوبہ یہ ہے کہ کونسلرز کے منتخب ہونے کے بعد ضمیروں کی منڈیاں لگائی جائیں گی ۔
انہوں نے کہا گزشتہ دو سال میں عمران خان کی عوامی منتخب حکومت پر شبخون مار کر جسطرح ناجائز حکومتوں سے عوام کا بھرکس نکالا گیا ہے اس کے بعد یہ ناجائز حکومت عوامی عدالت میں جانے سے ڈرتی ہے عامرمغل نے کہا کہ مہنگائی کے ہاتھوں مڈل کلاس کے خاتمے کے بعد ناجائز حکومت کو بلدیاتی انتخابات ایک ڈرائونا خواب نظر آتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر بار انتخابات کے قریب یہ ناجائز حکومت انتخابات سے بھاگ جاتی ہے۔
عامرمغل نے کہا کہ تحریک انصاف اس بدنیتی پر مبنی قانون کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرے گی ۔تحریک انصاف اس ناجائز حکومت کو ہر انتخابی میدان میں شکست دے چکی ہے اور دیتی رہے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔