پنجاب پولیس کا سب انسپکٹرکچے کا کنگ نکلا

کچے کے علاقے میں تعیناتی کے دوران کرپشن کے ذریعے 100 کروڑ سے زائد کے اثاثے بنائے

لاہور:پنجاب پولیس کے ایک سب انسپکٹر کے بارے میں معلوم ہو اہے کہ کچے کے علاقے میں تعیناتی کے دوران اس نے بے تحاشا کرپشن کی اور کرپشن کے ذریعے 100 کروڑ سے زائد کے اثاثے بنا لئے ۔لاہور میں محکمہ اینٹی کرپشن نے ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر کو کچے کے علاقے میں 100کروڑ کی کرپشن اور ناجائز اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
اینٹی کرپشن کے مطابق سب انسپکٹر (ر) رفیق احمد کو اینٹی کرپشن نے جرم ثابت ہونے پر گرفتار کیا گیا، ملزم نے کچے کے علاقے میں تعیناتی کے دوران کرپشن اور غیر قانونی کاشت سے کروڑوں کی جائیدادیں بنائیں۔
ملزم رفیق احمد نے بحیثیت ایس ایچ او عہدے کا ناجائز استعمال کر کے 1 ہزار 4 سو 44 کنال اراضی پر ناجائز کاشت کی۔ ملزم نے 2018 ء میں عہدے کا ناجائز استعمال کرکے 13 سو 84 کنال رقبہ وقف حضرت خواجہ غلام فرید حاصل کیا۔ملزم نے ناجائز ذرائع سے حاصل آمدن سے اپنے بیٹوں کے نام پر بے نامی جائیدادیں بنائیں۔ ملزم نے 4 عدد قیمتی گاڑیاں خرید کر رینٹ اے کار کے کاروبار میں لگا رکھی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر (ر) رفیق احمد کو بعد از انکوائری جرم ثابت ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ رفیق احمد نے عہدے کا ناجائز استعمال کر کے 100 کروڑ روپے سے زائد کا مالی فائدہ حاصل کیا۔