رہائشی پلاٹوں کو کمرشل میں تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری ،چائنہ کٹنگ بھی عروج پر
سوسائٹی کے رہائشی پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ،بجلی کے میٹر بند،بڑھتی کندگی پر محکمہ صحت نے ایف آئی آر کرادی
اسلام آباد(سٹی رپورٹر)سواں گارڈن سوسائٹی اپنے رہائشیوں کو سہولیات کی فراہمی میں مکمل ناکام ہو چکی ہے،سوسائٹی کے رہائشی پانی کی بوند بوند کو ترس گئے جبکہ سواں گارڈن انتظامیہ چائنہ کٹنگ کر کے مال بنانے میں مصروف ہے، سوسائٹی میں پانی موجود نہ ہونے کے باعث وہاں کے رہائشی شدید اذیت کا شکار ہیں،دوسری جانب آئیسکو کی جانب سے سو سائٹی میں نئے بجلی میٹرکی تنصیب پرپابندی بھی عائد کر دی گئی اورآئیسکوکی جانب سے سوسائٹی پر بجلی چوری کی ایف آئی آ ر بھی درج کروا دی گئی ہے ۔
سوسائٹی انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث محکمہ صحت کی جانب سے بھی سوسائٹی پرایف آئی آر درج کروا ئی گئی ہے، موجودہ صدر بھی اپنے بھائی اور سابق صدرکے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک ہزار پلاٹ الاٹ کرچکے ہیں جبکہ متعدد رہائشی پلاٹوں کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل کرچکے ہیں اور چائنہ کٹنگ کی طرز پر پلاٹنگ بھی کی جا رہی ہے،سوسائٹی کے ریکارڈ اور فائلوں کو دو نمبر طریقہ سے فروخت پر بھی متعدد ایف آئی آرز درج کروائی جا چکی ہیں، ذرائع کے مطابق سوسائٹی انتظامیہ نے بلاک اے میں موجود مسجد کے پلاٹ کو بھی فروخت کر دیا ہے اورسی ڈی اے میں ڈمی ماسٹر پلان جمع کروا کر اس کے نام پر لوگوں سے ایل او پی وائلیشن کمپلیشن سی ڈی اے کے نام پر کروڑوں روپے ہڑپ کئے جا رہے ہیں،سوسائٹی کے اکاونٹ سے روزانہ کی بنیاد پر کیش وصول کی جا رہی ہے، سابقہ صدر نے فیز ٹو سواں گارڈن کے نام پر زمین موجود نہ ہونے کے باوجود سولہ سو پلاٹس کی الاٹمنٹ کر دی ہے جس پر ہائی کورٹ کی ہدایت پر ایف اے نے ایف آئی آر 29/23 درج کرائی گئی ہے۔


