کارکنوںنے شہر میں دفعہ 804 نافذ کر دی ، بانی پی ٹی آئی کی سالگرہ کا کیک کاٹا ۔چیف جسٹس وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے خلاف نعرے بازی، پتلے بھی جلائے
حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت شہر کو فوج کے حوالے کردیا،فوج شنگہائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے خاتمے تک اسلام آباد میں امن و امان کی صورت کو کنٹرول کرے گی
عامر مغل نے اسلام آباد کے شہریوں سے کارکنوں کے لئے کھانا ، نمک اور رومال مانگ لئے، بلیو ایریا اور ایف سکس کے مکینوں سے وائی فائی کا پاس ورڈ ik804 کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد:راستوں کی بندش اور سخت سیکورٹی کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے سینکٹروں کارکن ڈی چوک سے ملحقہ جناح ایونیو پہنچنے میں کامیاب۔ا س موقع پر تحریک انصاف کے ریجنل صدر عامر مغل نے کارکنوں کے ہمراہ مل کر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات ڈیڑھ بجے جناح ایونیو پربانی پی ٹی آئی کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔اس موقع پر مظاہرین قاضی فائز اور شہباز حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔مظاہرین نے قاضی فائز ، شہباز شریف اور محسن نقوی کے پتلے جلائے
تحریک انصاف کے ریجنل صدر عامرمغل نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں دفعہ 804 کے نفاذ کا اعلان کر دیاہے۔ علی امین کے آنے تک کسی بھی صورت احتجاج ختم نہیں کریں گے چاہے دو دن ہی کیوں نہ لگ جائیں احتجاج جاری رہیگا۔انہوں نے کہا آزاد عدلیہ کی حفاظت، عمران خان کی رہائی اور مینڈیٹ کی واپسی ہمارا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے کارکنوں کے ساتھ مل کر
ڈی چوک میں دفعہ 804 نافذ کر دی ہے۔ اسلام آباد میں اب کوئی اور نہیں صرف دفعہ 804 ہی چلے گی۔
عامر مغل نے ورکرز کے ہمراہ 5 اکتوبر رات 1:30 بجے امت مسلمہ کے عظیم لیڈر عمران خان جوگزشتہ ڈیڑھ سال سے ناحق قید تنہائی میں ہیں کی سالگرہ کا کیک کاٹا ان کی سلامتی لمبی عمر اور ملک و قوم کی بہتری کے لئے دعا کی۔انہوں نے کہا کارکنوں کے جذبے بلند ہیں اورہم فسطائیت کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا رات کے اس پہر اسوقت بھی 8سے10ہزار نوجوان ملک کے مستقبل کی جنگ لڑ رہا ہے۔انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی کہ ان کیلئے ناشتے، دن کے کھانے، رومال، نمک اور پانی کا بندوبست کرکے انہیں فورا پہنچائیں،تمام گھروں والے اور بلیو ایریاکے تاجراپنا وائی فائی کا پاسور ڈ فوری طور پرIK804میں تبدیل کر دیں تا کہ یہ مجاہد اپنے پیاروں سے رابطہ کر سکیں۔انہوں نے کہا پورے ملک کے نوجوان فوری طور پر اسلام آباد پہنچیں اور اس عظیم جہاد میں شامل ہوں۔
انہوں نے کہا پی ٹی آئی لیڈر شپ یاد رکھے جس کسی نے بھی اس احتجاج کو عمران خان کی رہائی سے پہلے ختم کرنے کی کوشش کی عوام اس کی تکہ بوٹی کر دیں گے۔
آخری خبریں آنے تک مظاہرین اور اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جار ی تھا۔
۔۔۔۔۔۔

