شاہ اللہ دتہ بوائز سکول میں ماڈرن کمپیوٹر لیب کا افتتاح

آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹکس سائنس کو پرائمری سے شروع کیا جا رہا ہے، انجم عقیل خان

اسلام آباد:اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی ، ممبر آف ایگزیکٹو کونسل علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی انجم عقیل خان نے سیکرٹری فیڈرل ایجوکیشن محی الدین وانی کے ہمراہ شاہ اللہ دتہ بوائز سکول میں ماڈرن کمپیوٹر لیب ، نئے کلاس رومز کا افتتاح کر دیا ہے۔ چیف آرگنائزر ، کوآرڈینیٹر ایجوکیشن عظیم خان گولڑہ ، ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ایجوکیشن جنید اخلاق ، ڈائیریکٹر حمید اللہ نیازی ، ڈائیریکٹر سکولز و کالجز جاوید مرزا , ملک مصطفی بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے ۔انجم عقیل خان نے اس موقع پر کہا کہ بچوں کو جدید تعلیم دینے کے لئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹکس سائنس کو پرائمری سے شروع کیا جا رہا ہے آج اس حوالے سے کلاس کا افتتاح کر دیا ہے۔
علاوہ ازیں رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے سرکاری افسران کے ہمراہ اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز کا بھی دورہ کیا اور کالج کو درکار سہولیات کا جائزہ لیا اور ان کی جلد فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
آل پاکستان پرائیویٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار نے تین کمرے گرلز کالج کو ڈونیشن دی جس پر رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور سیکرٹری ایجوکیشن نے شکریہ ادا کیا ۔معززین شاہ اللہ دتہ ملک نزاکت ، ملک ابرار ، راجہ رکن زمان و دیگر نے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کا ماڈرن کمپیوٹر لیب ، سولر انسٹالیشن ، نئے کلاس رومز کی تعمیر اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا ۔