چینی سفیر سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر سے ملاقات کر کے کراچی میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈانگ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں چینی قافلے پر دہشت گرد حملے کی مذمت اور انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔وزیراعظم نے دہشت گرد حملے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر شدید رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے ذمہ دار افراد کی جلد از جلد شناخت کے لیے حکومت مکمل طور پر متحرک ہے، واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اس گھنائونی سازش کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا، کراچی واقعے کی تحقیقات کی میں ذاتی طور پر خود نگرانی کروں گا جبکہ مستقبل میں غیر ملکیوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
چینی سفیر نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا اور معاملے کی موثر تحقیقات، ذمہ دار دہشتگردوں کی فوری شناخت اور ان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی امید اور اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔ ملاقات میں وفاقی وزرا احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی چینی سفارت خانے آمد، چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات۔ کراچی دھماکے میں 2 چینی شہریوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ محسن نقوی نے چینی سفیر کو دھماکے کی تمام تفصیلات اور تحقیقات کے بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں چینی حکومت اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ملوث عناصرکو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ پاکستان چین دوستی پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ برادرنہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی گھنانی سازش ہے، بزدل دشمن کی اس سازش کو ہرگز کامیاب نہ ہونے دینگے۔
کراچی واقع، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا چینی سفارتخانے کا دورہ




