وزیر داخلہ کے زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس

وی وی آئی پی روٹ اور ریڈ زون کی خوبصورتی اور صفائی کے ساتھ ساتھ سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا
غیر قانونی سوسائٹیز کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کرنے کا فیصلہ،ڈینگی کی روک تھام کیلئے کمشنر اسلام آباد اور کمشنر راولپنڈی مشترکہ طور پر کام کریں

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں اہم اجلاس، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد کی تزئین و آرائش اور دیگر منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریڈ زون بالخصوص وی وی آئی پی روٹس کی خوبصورتی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اہم شاہراں کی اطراف دیدہ زیب لینڈسکیپنگ کی جائے اور شہر بھر کو خوبصورت پھولوں اور فینسی لائٹس سے سجایا جائے۔ محسن نقوی نے جناح کنونشن سنٹر کی تزئین و آرائش کے فنشنگ کے کام جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ وزیر داخلہ نے تزئین و آرائش اور تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے اسلام آباد خصوصا وی وی آئی پی روٹ اور ریڈ زون کی خوبصورتی اور صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔
اجلاس میں ایس سی او سربراہی اجلاس کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ کی ہدایت پر غیر قانونی سوسائٹیز کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلام آباد شہر کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنے کے لئے کارروائیوں میں کوئی نرمی نا برتی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے کمشنر اسلام آباد اور کمشنر راولپنڈی مشترکہ طور پر کام کریں۔ وزیر داخلہ نے اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ کو بانڈری ایریا میں کوارڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں کی انتظامیہ مل کر مشترکہ کارروائیاں کریں اور ڈینگی کی افزائش کے ممکنہ مقامات کو جلد کلیئر کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی کیسسز رپورٹ ہونے والے مقامات کے اطراف سرویلینس کو بڑھایا جائے۔چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ایس سی او سربراہی کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔