
اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے رات گئے جناح کنونشن سینٹر کا دورہ کیا اور جناح کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا. اس موقع پر ممبر انجنئیرنگ اور متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اب تک کے مکمل ہونے والے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا. انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جناح کنونشن سینٹر کی صفائی و ستھرائی اور فنیشنگ (Finishing) کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے. انہوں نے جدید کانفرنسنگ سسٹمز، لائٹنگ، ہائی سپیڈ انٹرنیٹ اور سائونڈ سسٹم کا بھی معائنہ کیا. واضح رہے کنونشن سینٹر کا اندرونی ہال شنگھائی تعاون اجلاس کی تیاریوں کے لئے وزارت خارجہ کے حوالہ کردیا گیا ہے. سی ڈی اے نے جناح کنونشن سینٹر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے لئے بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا ہے.
بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ڈی چوک اور شاہراہِ دستور (کانسٹیٹوشن ایونیو) کا بھی دورہ کیا. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے شہر کی خوبصورتی کے لئے بھرپور اقدامات کررہا ہے اور اس حوالے سے وی آئی پی اور متبادل راستوں پر ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کا کام تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور شہر کی خوبصورتی کے لئے مختلف ڈیزائنس، مجسمے، اور لائٹنگ بھی کی جارہی ہے اسی طرح انٹرچینجز، انڈر پاسز اور پلوں کی لائٹنگ کے ساتھ تزئین و آرائش کا کام بھی کیا جارہا ہے.
شنگھائی تعاون تنظیم کے حوالے سے اسلام آباد میں مختلف مقامات پر ڈیجیٹل بینرز اور SMD اسکرینز بھی نصب کی جا رہی ہیں اور اہم شاہراہوں اور سڑکوں کی مرمت، کرب اسٹونز کو نصب کرنے سمیت لائننگ کا کام بھی جاری ہے. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے شنگھائی تعاون اجلاس کے لئے شہر کو بہترین انداز میں مہمان نوازی کے لئے تیار کرنے کے لئے پرعزم ہے.
چیئرمین سی ڈی اے کا رات گئے جناح کنونشن سینٹر کا دورہ ، تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا



