ایس سی او سے پاک بھارت تعلقات کی اچھی شروعات ہو سکتی ہے،بھارتی ٹیم سے پوچھیں تو وہ بھی پاکستان آنا چاہتی ہے
پاک بھارت تعلقات اچھے ہو جائیں تو دو گھنٹوں میں ضرورت کا سامان پاکستان آ سکتا ہے،بھارتی صحافیوں کے وفد سے گفتگو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو چمپئین ٹرافی کھیلنے کے لئے پاکستان آنا چاہیے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے حق میں ہوں اس سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جو شنگھائی تعاون کانفرنس کی کوریج کے لئے پاکستان آئے تھے۔
نواز شریف نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم سے پوچھیں تو وہ بھی کہیں گے پاکستان آ کر کھیلنا ہے، کرکٹ کھیلنے پر راضی بھارتی کرکٹ ٹیم کو اجازت دینے والے اجازت نہیں دیتے، بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی تو کرکٹ کے لیے بہت اچھا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اگر ایس سی او پر پاکستان آتے تو بہت اچھا ہوتا، بھارتی وزیراعظم نہیں آئے مگر وزیر خارجہ آئے یہ بھی اچھی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس سی او سے پاک بھارت تعلقات کی اچھی شروعات ہو سکتی ہے، پاکستان اور بھارت کا ماضی بہت تلخ رہا ہے، آگے دیکھیں، مستقبل کی بات کریں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر پاکستان اور بھارت کو فوری اور بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، ابھی سبزیاں اور سامان بھارت سے دبئی جاتا ہے وہاں سے پاکستان آتا ہے مہنگا پڑتا ہے، پاک بھارت تعلقات اچھے ہو جائیں تو دو گھنٹوں میں ضرورت کا سامان پاکستان آ سکتا ہے۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے پاکستان اور بھارت کو تلخ ماضی پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنے کی تجویز دیتے ہوئے پاکستان کی اضافی بجلی بھارت کو بیچنے کی تجویز بھی پیش کردی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کو بجلی چاہیے ، پاکستان کے پاس بہت بجلی ہے ، یہ بجلی ضرور بھارت کو بیچنی چاہیے، پاکستان کی طرف سے بھارت کو سستی بجلی بیچنے کے حق میں ہوں، یہ ضرورکرنا چاہیے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ صرف موسمیاتی تبدیلی پر تعاون نہیں، دونوں ملکوں کو تجارت شروع کرنی چاہیے، ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنا چاہیے، تعلقات اچھے ہوجائیں تو ضرورت کا سامان دو گھنٹے میں پاکستان آسکتا ہے۔
اس موقع پر موجود وزیراعلی پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں انہوں نے بھارتی پنجاب دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت اور پاکستان کے پنجاب کو ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھنے کو مل سکتا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی صحافی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی کوریج کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے ہیں۔
چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آنا چاہیے، نواز شریف



