ون ڈے کرکٹ میں جنوبی افریقا کیخلاف ہدف کے تعاقب میں سنچری سکور کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بیٹر بن گئے

اسلام آباد: جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی کامیابی میں اوپنر بیٹر صائم ایوب اور مڈل آرڈر بیٹر سلمان آغا نے اپنی شاندار پرفارمنس سے اہم کردار ادا کیا. سلمان علی آغا نے اپنا مین آف دی میچ کا ایوارڈ اوپنر صائم ایوب کو دیدیا۔
پارل میں کھیلے گئے اس میچ میں اوپنر صائم ایوب نے سنچری سکور کی جبکہ سلمان آغا نے 82 رنز ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کی فتح میںاہم کردار ادا کیا. سلمان علی آغا نے چار وکٹ بھی حاصل کئے اور پہلے چار بیٹر ز کو پولین بھیجا.
جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار سنچری اسکور کرنے والے پاکستان کے نوجوان بیٹر صائم ایوب نے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برائن لارا کا 31 سال پرانا ایک منفرد ریکارڈ توڑ دیا۔
منگل کو 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ پارل میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔
جنوبی افریقا کے 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر صائم ایوب نے شاندار سنچری اسکور کی اور 109 رنز کی اننگز کھیلی۔
22 سالہ صائم ایوب نے جنوبی افریقا کے خلاف سنچری اسکور کرنے کے بعد برائن لارا کا 31 سال قبل بنایا گیا ریکارڈ توڑ دیا۔
صائم ایوب ون ڈے کرکٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف ہدف کے تعاقب میں سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بیٹر بن گئے ہیں۔اس سے قبل برائن لارا نے فروری 1993ء میں 23 سال اور 297 دن کی عمر میں بلوم فائونٹین میں جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے میں ہدف کے تعاقب میں سنچری سکور کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو جنوبی افریقا کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے جمعرات کو کھیلا جائے گا۔


