27 دسمبر عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی 17 ویں برسی

چاہنے والوں‌کے لئے سب سے تکلیف دہ بات یہ ہے کہ آج تک ان کے قاتل پکڑے نہیں‌جاسکے
ان کی اپنی پارٹی کی حکومت کے باوجود جن پر الزام لگے تھے وہ پکڑے تو نہ جاسکے البتہ دنیا سے رخصت ہوگئے.
دیگر تحقیقات کے ساتھ ساتھ سکاٹ لینڈ یارڈ کو بھی بلایا گیا لیکن انصاف نہ ہوا اور محترمہ کی روح بے چین رہی


اسلام آباد)رپورٹ: محمد رضوان ملک(27 دسمبر،عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم ، دختر مشرق ، بے نظیربھٹو شہید کی 17 ویں برسی آج منائی جارہی ہے ۔ ان کے چاہنے والوں‌کے لئے سب سے تکلیف دہ بات یہ ہے کہ آج تک ان کے قاتل پکڑے نہیں‌جاسکے اور نہ ان کی نشاندہی ہو سکی.جن پر الزام لگے تھے وہ پکڑے تو نہ جاسکے البتہ دنیا سے رخصت ہوگئے.
2 بارپاکستان کی وزیراعظم بننےوالی بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں سیاسی مخالفین کے ساتھ جنرل ضیا اورجنرل مشرف کی آمریتوں کا مقابلہ کیا۔
بے نظیربھٹو 2007 میں جلا وطنی ختم کرکے پاکستان پہنچیں تو پہلے 18 اکتوبر کو استقبالی جلوس میں دھماکے ہوئے جن میں سیکڑوں افراد جاں بحق ہوئے۔پھر27 دسمبر2007 کو بے نظیربھٹو روالپنڈی لیاقت باغ میں جلسے سے واپسی پرجان لیوا حملے میں عوام کی محبوب قائد دنیا سے رخصت ہو گئیں۔اس دوران پیپلز پارٹی کم و بیش تین بار اقتدار میں رہی مگر آج تک بے نظیر بھٹو کے قتل کے بارے میں پورا سچ عوام تک نہیں پہنچ سکا۔27 دسمبر 2007 کی شام تھی جب بے نظیر بھٹو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرکے واپس روانہ ہوئیں تو پہلے گولی چلی پھر دھماکا ہوا اور ہنستی مسکراتی بے نظیر بھٹو سفر آخرت پہ روانہ ہو گئیں۔
بے نظیر بھٹو کے قتل کا الزام القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن ، سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف ، تحریک طالبان کے بانی سربراہ بیت اللہ محسود ، پولیس کے 2 افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد سمیت کم و بیش 15 افراد پر لگا ۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 2 پولیس افسران کو جائے وقوعہ دھونے اور بے نظیر کو تحفظ دینے میں ناکامی پر 17،17 سال قید کی سزائیں سنائیں ۔ ان کے علاوہ زیر حراست 5 ملزمان کو کم و بیش 300 سماعتوں کے بعد 31 اگست 2017 کو بری کردیا گیا ۔
بے نظیر کیس کی اسکاٹ لینڈ یارڈ اور یو این کمیشن نے بھی تحقیقات کیں ۔ یواین کمیشن کی رپورٹ میں کچھ فوجی افسران پر بھی انگلیاں اٹھائی گئیں مگر پیپلز پارٹی حکومت نے اپنی ہی ایک انکوائری کمیٹی بنا کر اس رپورٹ کو مسترد کردیا ۔
بے نظیر بھٹو قتل کیس کے سب سے بڑے ملزم جنرل پرویز مشرف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا جبکہ بیت اللہ محسود کے خلاف ثبوت تو موجود تھے مگر یہ اہم ملزم ڈرون کارروائی میں مارا گیا۔ اسامہ بن لادن بھی 2 مئی 2011 کو امریکی کارروائی کا نشانہ بن گئے ۔
بے نظیر بھٹو کیس اب عملی طور پر بند ہو چکا ہے ۔ دونوں پولیس افسران کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں اب تک زیر التوا ہیں تاہم اس کیس سے وابستہ بعض ذمہ داران کا دعویٰ ہے کہ بے نظیر کے اصل قاتلوں کے بارے میں کوئی ٹھوس ثبوت کبھی عدالتوں کے سامنے لایا ہی نہیں گیا ۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود اپنی کتاب میں اعتراف کرچکے ہیں کہ بے نظیر کا قتل انہی کی جماعت نے کیا تاہم کس کے کہنے پر کیا اور کون کون ملوث تھا ، یہ سب آج تک راز ہی ہے۔
لاڑکانہ میں آج شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر کارکنوں اور رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نوڈیرو پہنچ گئے ہیں۔آصف علی زرداری نے گڑھی خدا بخش میں مزار پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اورپھولوں کی چادرچڑھائی۔دوسری جانب بی بی شہید کی برسی کےجلسے کےانتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔