جولائی سے دسمبرٹیکس ہدف میں 385 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا، وزیراعظم نے متبادل کی ہدایت کر دی
ٹیکس میں شارٹ فال کی ایک بڑی وجہ جائیداد ٹرانسفر میں بہت زیادہ ٹیکسز کو بھی قراردیا جارہاہے

اسلام آباد : آئی ایم ایف نےٹیکس شارٹ فال پورا کرنے کیلئے حکومت سے منی بجٹ لانے کا مطالبہ ہے جسے وزیراعظم شہباز شریف نے مسترد کرتے ہوئے متبادل پلان کی ہدایت کی ہے. واضح رہے کہ جولائی سے دسمبرٹیکس ہدف میں 385 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا ہے، جس کے بعد آئی ایم ایف نے ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کیلئے منی بجٹ لانے کا مطالبہ کردیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاشی صورتحال پر رابطہ ہوا۔وزیراعظم نےمنی بجٹ لانےکی آئی ایم ایف کی تجویز مسترد کرتے ہوئے ایف بی آر کو متبادل پلان سے ریونیوشارٹ فال پورا کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع ایف بی آر نے بتایا کہ ریونیو شارٹ فال پورا کرنےکیلئےآئی ایم ایف سےپلان شیئر کردیا ہے ، پورٹ پر پھنسے کنٹینرز اور دیگرشپمنٹ فوری کلیئر کی جائے گی ، فوری شپمنٹ کی کلیئرنس سے ٹیکس اور ڈیوٹی میں اضافہ ہوگا۔
متبادل پلان کے تحت اسمگلڈ سامان کی فوری نیلامی کیلئےہنگامی اقدامات کیے جائیں گے اور ٹیکس چوروں کیخلاف انفورسمنٹ صلاحیت میں بہتری کی جائے گی۔
ذرائع نےبتایا کہ منصوبے کے مطابق انڈرٹیکس سیکٹرسےٹیکس وصولی بہتربنائی جائےگی، ٹیکسوں سےمتعلق عدالتوں میں کیسز کو جلد کلیئر کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف وفد کی آمدسے قبل ان تمام اقدامات پرپیش رفت کی جائےگی، جنوری میں ایف بی آر کو تقریباً 960 ارب کا ٹیکس ہدف حاصل کرنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق شارٹ فال پورا کرنے کیلئے متبادل پلان پر مارچ تک عمل درآمد مکمل کرنا ہوگا۔
ٹیکس میں شارٹ فال کی ایک بڑی وجہ جائیداد ٹرانسفر میں بہت زیادہ ٹیکسز کو بھی قراردیا جارہاہے، جائیداد ٹرانسفر میںبہت زیادہ ٹیکس عائد ہونے کی وجہ سے زمینوں کی خرید و فروخت بالکل رک گئی ہے جس کی وجہ سے حکومت کی ریونیو میںبھی کمی ہوئی ہے.


