ستائیس اکتوبر کشمیری یوم سیاه کے طور پر منائیں. ظفر بٹ

سرینگر …جموں کشمیر سالویشن مومنٹ کے چیرمین ظفر اکبر بٹ اور جے کے ایل ایف ( ایچ) کے چیرمین جاوید احمد میر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور منانے اور مکمل ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے کہا یہ دن تاریخ کشمیرکا ایک سیاہ باب ہے کیونکہ ریاستی عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دئے بغیر بھارت نے فوج کے سہارے قبضہ کرلیا ۔

انہوں نے کہاکہ تقسیم ہند کے فارمولے کے مطابق بھارت کی چھوٹی بڑی 550 سے زیادہ ریاستوں میں لوگوں کو اپنی سیاسی تقدیر کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا لیکن اس اصول کے برعکس ہمارے حقوق پر شب خون مارا گیا اور اسی وجہ سے گزشتہ70برسوں سے انتہائی گھمبیرحالات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑرہا ہے
انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں بھارت یا کسی بھی ملک کے لوگوں کے ساتھ کوئی پُرخاش نہیں اور دونوں ممالک کے لوگوں کے دکھ درد اور ٹیس کو محسوس کرتے ہوئے یہی تمنا کرتے ہیں کہ دونوں ملک ترقی کی اونچی حدوں کو چھو لیں لیکن ہمیں اس بات پر افسوس ہے کہ دونوں ممالک اسی مسئلہ کشمیر کی وجہ سے اپنے بجٹ کا زیادہ حصہ دفاع اور جنگی ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر صرف کررہے ہیں ۔
ظفر اکبر بٹ نے بین الاقوامی برادری کو اس سلسلے میں ان کی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں مداخلت کرکے اور اسے عوامی خواہشات کے عین مطابق حل کرکے بر صغیر کو جنگ کی ہولناک تباہی اور قتل و غارت سے بچاسکتے ہیں۔
سالویشن مومنٹ کا ایک وفد ظفر اکبر بٹ کی قیادت باغات گیا جہاں انہوں نے شہید عبدالغنی لون کی بیٹی کی ایثال ثواب کی مجلس میں خطاب کیا اور لون خاندان اور انکے شوہر سیف الدین، بیٹے سلمان احمد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کے لیئے دعاءکی۔