بالغ خصوصی افرادکو وہیل چیئر لوگو کے ساتھ خصوصی کارڈ جاری کیا جائے گا
اعضا عطیہ کرنے والے افراد کو بھی تاحیات خصوصی نشان والا شناختی کارڈ جاری ہوگا
حکومت کی جانب سے نادرا (قومی شناختی کارڈ کے قوانین مجریہ 2002)میں ترامیم کی منظور

اسلام آباد:اسلام آباد ( 24 جنوری 2025)وفاقی حکومت نے نادرا آرڈیننس 2000 (VIII of 2000) کے سیکشن 44 کے تحت نادرا (قومی شناختی کارڈ کے قوانین مجریہ 2002)میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔ ان ترامیم کا مقصد معاشرے میں تمام طبقات کی شمولیت کو بڑھانا، دستاویزی کارروائی کو سہل بنانا ،اور آبادی کے مخصوص طبقات کی منفرد ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنا ہے۔ترمیم شدہ قواعد کے تحت خصوصی افراد کے لئے تاحیات معیاد کے ساتھ منفرد شناختی کارڈ کا اجرا کیا گیا ہے۔ بالغ خصوصی افراد، چاہے وہ مقیم شہری ہوں یا غیرمقیم، جو متعلقہ وفاقی یا صوبائی اداروں میں اندراج یافتہ ہوں، انہیں وہیل چیئر کے لوگو کے ساتھ خصوصی کارڈ جاری کیا جائے گا جس کی موثر مدت تاحیات ہو گی۔
خصوصی بچوں کو خصوصی نشان والا ب فارم یا جووینائل سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جس کی میعاد رول 18 کے تحت طے شدہ مدت کے لئے موثر ہو گی۔ متعلقہ ڈونر رجسٹریشن اتھارٹیز میں اعضا کے عطیہ کے لئے اندراج کرانے والے افراد کو بھی خصوصی نشان والا شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا جس کی معیاد تاحیات ہو گی۔ ایسے شہری جو خصوصی افراد کی شرائط پر پورا اترتے ہوں اور اعضا کے عطیہ کے لئے بھی اندراج کرا چکے ہوں، انہیں بھی ایک خصوصی کارڈ جاری کیا جائے گا جس پر وہیل چیئر اور ڈونر دونوں کے نشانات ہوں گے۔ ان کیٹیگریز کے خصوصی شناختی کارڈ اور ب فارم کے ڈیزائن اور دیگر امور سے متعلق نئے شیڈولز (شیڈول VII، VIII، IX اور X بھی قواعد میں شامل کر دئیے گئے ہیں۔ یہ ترامیم پاکستان بھر میں خصوصی افراد اور اعضا کا عطیہ دینے والے افراد کی معاشرے میں بھرپور شمولیت یقینی بنانے اور شناخت میں آسانی پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہیں جو اس سلسلے میں حکومت کے پرعزم اقدامات کی عکاسی کرتے ہیں۔
ان کارڈز کی میعاد تاحیات مقرر کرنے کا مقصد شناختی دستاویزات کے حصول کو سہل بنانا اور معاشرے کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کرنے والے شہریوں کی خدمات کا اعتراف ہے۔
قواعد میں ترامیم کا نوٹیفکیشن آئندہ گزٹ آف پاکستان میں شائع کیا جائے گا جس کے فورا بعد یہ تبدیلیاں نافذ العمل ہوں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خصوصی افراد کے لئے تاحیات معیاد کے ساتھ منفرد شناختی کارڈ کا اجرا



