پاکستان میں پونے دو کروڑ افراد گردے کے مرض میں مبتلا ہیں،ڈاکٹر جمال ناصر
اسلام آباد:ورلڈ کڈنی ڈے کے حوالے سے نفرالوجی ڈیپارٹمنٹ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS )اور سٹی لیب کے تعاون سے اسلام آباد میں ایک واک ، سیمینار اور میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ واک کے مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر تھے جبکہ اس واک میں ہیڈ آف نفرالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ساجد عباسی ، ڈاکٹر وقارضیائ، ڈاکٹر شاہانہ، ڈاکٹر حسن، ڈاکٹر مریم، ڈاکٹر علی مراد اور دیگر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ عوام کی ایک بڑی تعداد بھی اس واک میں موجود تھی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اپناکر ہم بہت ساری بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاکستان میں ڈیڑھ سے پونے دو کروڑ افراد گردے کی بیماریوں میں مبتلا ہیں اور بدقسمتی سے پاکستان میں ابھی بھی اس شعبے کے حوالے سے کچھ زیادہ ترقی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ سال میں ایک دفعہ اپنا مکمل طبی معائنہ ضرور کروائیں۔ ترقی یافتہ ملکوں میں حکومت کی طرف سے گھروں میں جاکر ہر قسم کے طبی معائنوں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے آج ایسے ممالک میں اوسط عمر بھی زیادہ ہے اور شرح اموات بھی کم ہے ۔ انہوں نے حکومتوں پر زور دیا کہ اس وقت چونکہ اتنی بڑی تعداد میں مریض ہیں جس کیلئے زیادہ سے زیادہ جدید ہسپتال بنا کر لوگوں کو جدید علاج کی سہولیات مہیا کی جائیں۔ ڈاکٹر ساجد عباسی نے کہا کہ کوئی گردوں کی بیماری ایک ایسی بیماری ہے کہ جس سے ہم احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس سے بچ سکتے ہیں اور ہمیں چاہیے کہ جیسے ہی تکلیف ہو شروع ہو تو فورا ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔
آخر میں شرکاء میں شیلڈ زاور انعامات تقسیم کیے گئے ۔




