ترُک سفیر عرفان نذیر اوغلو کی ہلالِ احمر نیشنل کوارٹرز آمد


چیئرپرسن فرزانہ نائیک سے ملاقات،تعاون بڑھانے اور شراکت داری کو مستحکم کرنے پر اتفاق
خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم کے فروغ اور استعداد ِ کار بڑھانے کے پروگراموں میں ہلالِ احمر ساتھ ب تعاون کریں گے، عرفان اوغلو

اسلام آباد(سپشل رپورٹر) ترکیہ کے پاکستان میں سفیر عرفان نذیر اوغلو کی ہلالِ احمر پاکستان نیشنل ہیڈکوارٹرز آمد، چیئرمین پرسن ہلالِ احمر پاکستان محترمہ فرزانہ نائیک سے ملاقات، باہمی دِلچسپی کے اُمور، ترکیہ ریڈکریسنٹ اور ہلالِ احمر پاکستان کے مابین تعلقات و تعاون متعلق بات چیت کی گئی۔
ترکیہ کے سفیر کے آمد پر گل دستہ پیش کیا گیا۔ملاقات کے دوران ترُک سفیر نے محترمہ فرزانہ نائیک کو ہلالِ احمر پاکستان کی چیئرپرسن بننے پر مبارکباد دی۔انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور دوستانہ تعلقات کوسراہتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تعاون بڑھانے کی بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ترُک ریڈکریسنٹ کی سربراہی بھی ایک خاتون ڈاکٹر فاطمہ میرک یلمز کے پاس ہے،وہ کسی بھی انسانی خدمت کی نیشنل سوسائٹی کی پہلی خاتون سربراہ ہیں۔ یہ اقدام دونوں ممالک میں خواتین کو بااختیار بنانے کی عمدہ مثال ہے۔ ترُک سفیر نے اِس اَمر کا اظہار کیا کہ وہ خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم کے فروغ اور استعداد ِ کار بڑھانے کے پروگراموں میں ہلالِ احمر پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔دونوں نیشنل سوسائٹیز کے مابین انسانی خدمت کیلئے جاری تعاون کو مستحکم کیا جائے گا۔
اِس موقع پر محترمہ فرزانہ نائیک نے ترُک سفیر کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ترُک ریڈکریسنٹ کی جانب سے قدرتی آفات اور سانحات میں تعاون کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان صف اوّل کا انسانی خدمت کا ادارہ ہے جو کسی بھی مشکل وقت میں فوری ریسپانس کرتا ہے۔ انہوں نے اِس اَمر کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان بھر میں متاثرہ آبادیوں کی مدد کیلئے مشترکہ کاوشیں اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈاکٹر فاطمہ سے جلد ملاقات کی متمنی ہوں تاکہ دونوں قومی سوسائٹیوں کے مابین تعاون کو بڑھانے اور شراکت داری کو مستحکم کرنے سے متعلق اقدامات کیے جائیں۔ ترُک سفیرعرفان نذیر اوغلو نے وزیٹر بُک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔انہوں نے اِس یقین دہانی کا بھی اظہار کیا کہ ترُکیہ ریڈکریسنٹ اور ہلالِ احمر کے مابین شراکت داری کو مضبوط کیاجائے گا۔چیئرپرسن ہلالِ احمر پاکستان محترمہ فرزانہ نائیک نے ترُک سفیر عرفان نذیر اوغلو کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔