بجٹ 26-2025: جائیداد کی منتقلی پر عائد ٹیکسز میں واضح کمی


جائیداد کی منتقلی کے حوالے سے عائد ٹیکسز میں پچاس فیصد تک کمی تجویز کی گئی ہے
گھروں کی کمی پورا کرنے کے لئے قرض فراہم کیا جائے گا، اسٹامپ پیپر ڈیوٹی 4 فیصد سے کم کر کے ایک فیصد کرنے کی تجویز

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)وفاقی حکومت نے بجٹ 26-2025 میں تعمیراتی شعبے کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کی ہیں اور مختلف قسم کی ٹیکسز میں کمی کی گئی ہے جس سے توقع ہے کہ زوال میں جاتا پراپرٹی کا کام بہتر ہو جائے گا۔
بجٹ میں جائیداد کی خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 4 فیصد سے کم کر کے 2.5 فیصد اور 3.5 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد اور 3 فیصد سے کم کر کے 1.5 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اسی طرح کمرشل جائیدادوں، پلاٹس اور گھروں کی منتقلی پر گذشتہ سال عائد کی جانے والی 7 فیصد تک کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے لیے قرض فراہم کرنے اور مورگیج کی حوصلہ افزائی کے لیے 10 مرلے تک کے گھروں اور 2 ہزار اسکوئر فٹ تک کے فلیٹس پر ٹیکس کریڈٹ متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت مورگیج فنانسنگ کو پروموٹ کرے گی اور اس سلسلے میں ایک جامع نظام متعارف کرایا جائے گا۔
مزید بر آں اسلام آباد کی حدود میں جائیداد کی خریداری پر اسٹامپ پیپر ڈیوٹی 4 فیصد سے کم کر کے ایک فیصد کرنے کی تجویز ہے تاکہ گھروں کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔