اس بار جشن آزادی باجوں کے شور کے بغیر

اسلام آباد انتظامیہ کا شہر کے تمام اسٹالز سے باجے قبضے میں لینے کا فیصلہ

اسلام آباد(سٹی رپورٹر) اسلام آباد میں اس بار جشن آزادی باجوں کے بے ہنگم شور کے بغیر ہوگی۔اس طرح بزرگ شہری اور مریضوں کو بہت سکون میسر ہوگا اور ماحول بھی شور کی آلودگی سے پاس ہوگا۔ جشن آزادی کے موقع پر باجوں کے شور سے تنگ افراد نے اس فیصلے کو سراہا ہے۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے باجوں کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام افسران فی الفور فیلڈ میں جا کر کارروائیاں کریں ۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فی الفور فیلڈ میں جا کر کارروائیاں یقینی بنائیں اور تمام سٹال سے باجوں کو اٹھا لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جس علاقے کے اسٹالز سے باجے برآمد ہوئے متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی ہے کہ کارروائیاں یوم آزادی تک یومیہ بنیادوں پرکی جائیں تاکہ عوام باجوں کے بے ہنگم شور سے محفوظ رہیں۔