پانی کپڑے دھونے کے قابل بھی نہیں مسئلہ حل نہ ہوا تو چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ، اہل علاقہ
راولپنڈی (سٹی رپورٹر) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کی نااہلی کی وجہ سے علاقے کے عوام سرسید چوک اور اس کے ملحقہ علاقے کے ٹیوب ویلوں سے نکلنے والا گندا مٹی ملا پانی پینے پر مجبور ہو چکے ہیں – باربار شکایات پر بھی اعلی حکام نے کوئی شنوائی تک نہ کی – دو لاکھ کی آبادی پر مشتمل آبادی کو مسلسل ایک سال سے گدلا پانی دیا جارہا ہے جسکے باعث وہاں مقیم لوگ جلدی امراض کے ساتھ ساتھ پیٹ کی بیماریوں کا بھی شکار ہو چکے ہیں اول تو پانی بہت کم ملتا اور جو ملتا وہ اتنا گندا ہوتا ہے کہ پینے کے قابل نہیں ہوتا دوسری جانب اس پانی سے وضو کرنا بھی محال ہو گیا ہے مساجد میں بھی یہی پانی دیا جاتا ہے علما نے تو اب لوگوں سے اپیل کرنا شروع کر دی ہے کہ کنٹوٹمنٹ بورڈ کا گھیرائو کیا جائے اور وہاں جاکر احتجاج کیا جائے گندے پانی کی وجہ برتن اور کپڑے دھونا بھی مشکل ہو گیا ہے اہل علاقہ نے متعلقہ کونسلر سے بھی رابطہ کیا وہ بھی صرف طفل تسلیاں ہی دے رہے ہیں جبکہ دوسری جانب چکلالہ کنٹوٹمنٹ بورڈ کے حکام کا موقف ہے کہ اس موسم میں پانی گدلا ہوتا ہے جو سراسر جھوٹ کیونکہ قریبی علاقوں میں کہیں بھی گندا پانی نہیں دیا جارہا ہے اہل علاقہ نے دھمکی دی ہے کہ ایک ہفتہ میں پانی صاف فراہم نہ کیا گیا تو روڈ بلاک کریں گے اور کنٹوٹمنٹ بورڈ کے سامنے بھی احتجاج کیا جائے گا


