اسلام آباد:او آئی سی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون ( کامسٹیک) اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے درمیان تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ دستخط کی یہ تقریب کامسٹیک ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور رفاہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے کیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ یہ شراکت مسلم دنیا میں سائنسی استعداد کار کو بڑھانے اور جدت پر مبنی ترقی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اشتراکات عالمی سطح پر درپیش نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔
ڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ جامعات اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان مضبوط روابط ناگزیر ہیں، اور اس نوعیت کا تعاون معاشروں کو تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی تقاضوں کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے مصنوعی ذہانت، بایوٹیکنالوجی، صحت عامہ، لائف اسٹائل میڈیسن،، ماحولیاتی تبدیلی، انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ کام کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ کانفرنسز، تربیتی ورکشاپس اور طلبہ، محققین و اساتذہ کے تبادلہ پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔
کامسٹیک او آئی سی رکن ممالک سے آنے والے محققین اور اسکالرز کی معاونت کرے گا، جبکہ رفاہ یونیورسٹی انہیں وظیفے اور تحقیقی سہولیات فراہم کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد مسلم دنیا میں تحقیق، ترقی اور جدت کو فروغ دینا ہے۔
کامسٹیک اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں سائنسی و تعلیمی تعاون کے معاہدے پر دستخط



