پاکستانی ثقافت پر مبنی تاریخی فلم ’’راجہ رسالو‘‘ کا ریڈ کارپٹ ٹریلر راولپنڈی میں نمائش کے لیے پیش

فیصل میر کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’راجہ رسالو‘‘ ناظرین کو سسپینس اور جذبات سے بھرپور کہانی دکھائے گی
نئیر علی، ارمان علی پاشا اور شامین خان ،ثنا مرزا، ایوب کھوسو فلم ’’راجہ رسالو‘‘ میں مرکزی کرداروں میں جلوہ گرہوں گے

راولپنڈی(کلچرل رپورٹر) پاکستان کی تاریخی و ثقافتی ورثے پر مبنی فیچر فلم ’’راجہ رسالو‘‘ کا ریڈ کارپٹ ٹریلر راولپنڈی کے مقامی ہال میں ایک پروقار تقریب کے دوران ریلیز کر دیا گیا۔ تقریب میں فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر محمد راشد اور معراج الدین سمیت شوبز دنیا کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
فلم اے ایم جی پروڈکشن اور میر موشن گرافکس کے بینر تلے تیار کی گئی ہے جس میں جدید وی ایف ایکس گرافکس کے ساتھ سسپینس، رومانس اور جذبات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
تقریب میں شریک اداکاروں میں نیر علی، شامین خان، قہان علی، علی امار، ماہین شاہ، ہما شاہ، انجم حبیبی اور کہانی نویس وقار فانی اور دیگر مہمانوں میں مشی خان، عدنان حمید شامل تھے۔ حاضرین نے ٹریلر کو بے حد سراہا اور ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
فلم میں ارمان علی پاشا نے ٹائٹل رول راجہ رسالو ادا کیا ہے جبکہ شامین خان رانی کوکلاں کے کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔ دیگر نمایاں فنکاروں میں نئیر اعجاز نے (راجہ سرکپ)، ایوب کھوسو (راجہ سالباھن)، قہان علی (دیو)، عدنان شاہ ٹیپو، ثناء مرزا، آئیت خان اور ماہرہ شاہ شامل ہیں۔
ہدایتکار اور کو پروڈیوسر فیصل میر کے مطابق فلم کی تخلیق ایک چیلنج تھا جس میں حقیقی سیٹس اور قدیم دور کے مطابق مقامات کا انتخاب کیا گیا۔ فلم کا 99 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے نئے سال کی آمد پر ریلیز کیا جائے گا۔
فلم کا میوزک ساجی علی نے ترتیب دیا جبکہ گیت وقار فانی اور فیصل میر نے لکھے۔ شوٹنگ راولپنڈی، اسلام آباد اور ایبٹ آباد کے خوبصورت مقامات پر کی گئی۔

تقریب کے اختتام پر ایگزیکٹو پروڈیوسر محمد راشد اور معراج الدین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔