وزیراعظم کی خودکار ہتھیاروں کی اسلحہ لائسنسوں کی ریگولیشن کابینہ میں لانے کی ہدایت

اسلام آباد … وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ خودکار ہتھیاروں کیلئے اسلحہ لائسنسوں کی ریگولیشن کا معاملہ وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے منگل کو وزیراعظم آفس میں خودکار ہتھیاروں کے لائسنسوں کے معاملہ پر بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ سیکرٹری داخلہ نے وزیراعظم کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری کئے گئے اسلحہ لائسنسوں کی تعداد سے متعلق مجموعی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے اسلحہ لائسنسوں کے اجراءسے متعلق پالیسی فریم ورک کے بارے میں بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2010ءسے 2012ءکے دوران ممنوعہ بور کے ہتھیاروں کے 19 ہزار 143 لائسنس جاری کئے گئے۔ 2013ءکے عبوری دور میں مجموعی طور پر ممنوعہ بور کے 25789 لائسنس جاری کئے گئے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کے دور میں اب تک ممنوعہ بور کے صرف 410 اسلحہ لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 400 لائسنس واپڈا جبکہ صرف 10 لائسنس افراد کو جاری کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام لائسنسوں کی تجدید کیلئے 30 دسمبر 2017ءکی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے جس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تمام نان کمپیوٹرائزڈ لائسنس منسوخ تصور ہوں گے۔ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ اسلحہ لائسنسوں کے اجراءسے متعلق جامع پالیسی تیار کی جائے تاکہ اس عمل کو مزید آسان اور درخواست گزاروں کیلئے دوستانہ بنایا جاسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلحہ لائسنسوں کو نادرا کے کمپیوٹر ائزڈ شناختی کارڈ ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک کیا جانا چاہئے۔