پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے اور جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاو پر یقین رکھتا ہے،تہمینہ جنجوعہ

اسلام آباد … سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے ، جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاو اور جوہری توانائی کے پرامن استعمال پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پرمحفوظ ہے۔ منگل کو یہاں سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول کو مستحکم کرنے سے متعلق ایک روزہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے جوہری عدم پھیلاﺅ اور تخفیف اسلحہ سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کے ذریعے ایکسپورٹ کنٹرول کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ کنٹرول سے نہ صرف سمگلروں سے کاروبار کو تحفظ ملتا ہے بلکہ پرامن مقاصد کیلئے ہائی ٹیک آئٹمز کی قانونی ایکسپورٹ کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری اور اداروں کے ساتھ مل کر جوہری عدم پھیلاو کے خلاف اور نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے حوالے سے تمام حفاظتی انتطامات کئے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام نیشنل کمانڈ اینڈ اتھارٹی کے تحت محفوظ ہے اور ہماری سمگلنگ، ترسیل اور ہر قسم کے امور پر کڑی نظر ہے، پاکستان کا سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن اپنا بھرپورکردار ادا کر رہا ہے۔