ایئرپورٹ پر حد نگاہ کم ہونے سے پروازیں متاثر،مسافر پریشانی کا شکار

لاہور…نورالعارفین

ایئرپورٹ پر حد نگاہ کم ہونے سے پروازیں متاثر،مسافر پریشانی کا شکار.

انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر زہریلی سموگ اور گہری دھند کے باعث تیسرے روز بھی فلائیٹ آپریشن بُری طرح متاثر ہوا، پروازیں لیٹ ہونے پر مسافروں کے عزیزواقارب کا ائیرپورٹ پر احتجاج، دھند کے باعث آئندہ کئی دن مزید فلائیٹ آپریشن متاثر رہنے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر بھر کی طرح لاہور ایئرپورٹ کو بھی تو جیسے نظر ہی لگ گئی، دھند کی آمد کے ساتھ ہی ایئرپورٹ اور اطراف میں حد نگاہ صفر تک گر گئی، جس سے فلائیٹ آپریشن مکمل طور پر معطل ہو گیا۔

سموگ اور دھند کی وجہ سے آنے جانے والی ستر سے زائد پروازیں براہ راست متاثر ہوئیں، ہزاروں مسافر ساری رات اور سارا دن لاہور ایئرپورٹ کی انتظار گاہوں میں پھنسے رہے۔

مسافروں کو لینے آئے رشتہ دار بھی انتظار سے تنگ آگئے، لاہور ائیرپورٹ پر احتجاج شروع کر دیا۔

پریشانی کے شکار مسافروں نے کہا کہ بار بار انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا ہے لیکن کوئی ان کے بات نہیں سن رہا ، فلائیٹ انکوائری اور ایئرلائن انتظامیہ کا آپس میں کوئی رابطہ نہیں ہے ، فلائیٹ انکوائری کہتی ہے پرواز وقت پر جائے گی پہنچ جاؤ ، ایئرپورٹ پہنچتے ہیں تو ایئرلائن کہتی ہے کہ پرواز منسوخ ہے ، سمجھ نہیں آ رہی کہ اپنے مسائل لے کر جائیں کہاں ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کی کمی کے باعث دھند اور فوگ کا یہ سلسلہ مزید 4 سے پانچ دن تک جاری رہے گا، جس کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے سے پروازوں کا آپریشن بھی مُتاثر رہے گا۔