انٹی کرپشن ٹیم کا چھاپہ، محکمہ پراسیکیوشن کا اسسٹنٹ گرفتار

لاہور…نورالعارفین

انٹی کرپشن ہیڈکوارٹرکی ٹیم کا اپرمال پر چھاپہ،ہائیکورٹ میں ملازمت دلوانے کی مد میں ایک لاکھ پچاسی ہزار روپے رشوت لینے کے الزام میں محکمہ پراسیکیوشن کے اسسٹنٹ عبدالباسط کو گرفتار کر لیا گیا۔

انٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر میں محکمہ پراسیکیوشن کے اسسٹنٹ عبدالباسط کے خلاف شیخوپورہ کے رہائشی محمود احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج تھا۔محکمہ پراسیکیوشن کے اسسٹنٹ عبدالباسط پر الزام تھا کہ اس نے محمود احمد کے بھانجے کو لاہور ہائیکورٹ میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دیکر ایک لاکھ پچاسی ہزار روپے رشوت وصول کی تھی۔

انٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر کی ٹیم نے سرکل آفیسر سید زبیر اخلاق کی سربراہی میں چھاپہ مار کارروائی کرتےہوئے محکمہ پراسیکیوشن کے اسسٹنٹ عبدالباسط کو گرفتارکرلیا ہے۔ انٹی کرپشن حکام کے مطابق عبدالباسط کو جوڈیشل ایکشن کی منظوری کے بعد گرفتارکیا گیا ہے.