بالائی علاقوں میں برف باری کا آغاز

گلگت بلتستان میں غذر، استور سمیت مختلف بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ، میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جبکہ سرد ترین مقام مالم جبہ رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے آج راولپنڈی ، اسلام آباد ، گوجرانوالا ، ڈیرہ غازی خان ، ملتان ، بہاولپور اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق استور ضلع بھر میں برف باری کا سلسلہ دوبارہ سے شروع ہوگیا جس کے رات بھر جاری رہنے کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے۔ کئی فٹ برف پڑ جانے کی وجہ سے پیدل سفر کرکے اسکول جانے والے بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں مو سم مکمل طور پر ابر آلود ہے تاہم بارش کا امکان نہیں ہےجبکہ اندرون صو بہ بھی سردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے آج صبح ریکارڈ کئے گئے وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت1ڈگری سینٹی گریڈ قلات میں منفی 7 ڈگری پنجگور میں 5ڈگری سینٹی گریڈ اور ژوب میں 3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

دوسری جانب شہر کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا ۔ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ہےاور شمال مشرقی اور شمال مغربی علاقوں ہوائیں چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں آج صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

ملتان میں گزشتہ شام ہونے والی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا تھا تاہم آج موسم سرد اور خشک رہے گا اور بارش کا امکان نہیں ہے۔