امریکا 25 ارب روپے کے لئے ذلیل کررہا ہے،اتنے کے تو اسحاق ڈار کے بیٹے کے 2 ٹاور ہیں,عمران خان

 

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا 25 ارب روپے کے لئے ذلیل کررہا ہے،اتنے کے تو اسحاق ڈار کے بیٹے کے 2 ٹاور ہیں،نواز شریف پاکستان کے لئے سیکیورٹی رسک ہے۔

بنی گالہ میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین نے شہبازشریف اور رانا ثنا اللہ پر انتہا پسندگروپوں کی سرپرستی اور نوازشریف پر ملک سے 300 ارب باہر لے جانے کا الزام عائد کیا ۔

ان کا مزید کہناتھاکہ گوادرسے خیبرتک سب کوپاناما لیکس کا پتا چل گیا ہے،وکی لیکس کا حوالہ دے کر کہاکہ شریف برادران نے تیسری باری حاصل کرنے کے لیے امریکا کی منتیں کیں۔

عمران خان نے اس دوران نوازشریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے خود ہی کہہ دیا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوتی ہے ، نگراں حکومت اور آر اوز نے 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کی ۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی کسی عدالت نے 25سال تک لاڈلے کا کیس نہیں سنا،عدالت نے فیصلہ کیا لیکن ایف آئی اے اب تک اصغر خان کیس پر بیٹھی ہوئی ہے ،ہم کیس کی پوری طرح پیشرفت کریں گے ،چاہتے ہیں کہ اصل حقائق دنیا کے سامنے آئیں ۔

ان کا یہ بھی کہناتھاکہ ایک سیاسی جماعت نےپیسے لےکر بینظیر بھٹو کے خلاف الیکشن لڑا، ن لیگ نے ملکی اداروں کو بری طرح مفلوج کیا ہوا ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف پاکستان کا سب سے بڑا ڈرامے باز ہے ،ہرروزنئی ہیٹ پہنتا ہے،یہ امریکیوں کوخوش کرنےکیلئےکرتاہے،شریف برادران نے سعودی عرب سے کہا وہ فوج یمن بھیجنا چاہتے تھے مگر راحیل شریف نہیں مانے، ملک کے سیاسی رہنما خود ہی ملک کو بدنام کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ کے لیڈر فوج کو بدنام کریں گے ،دوسروں کے ہاتھ تو مضبوط ہوں گے ،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں،موجودہ امریکی رویے کا ذمہ دار ملک کے اشرافیہ کو قرار دیتا ہوں ۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ خواجہ آصف نے واشنگٹن میں کہا ن لیگ لبرل اور پی ٹی آئی دینی جماعتوں کے ساتھ ہے ، فضل الرحمن نے امریکی سفیر سے کہا اگر وزیراعظم بنا تو مجھے سے اچھے تعلقات رکھو گے نا؟شریف برادران نے باری کے لئے امریکیوں کی منتیں کیں۔

ان کا یہ بھی کہناتھاکہ ایسے سیاستدانوں کی حرکتوں نے ہماری حیثیت ختم کررکھی ہے ،پی ٹی آئی قوم کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرے گی اور اس کی عزت بحال کرائے گی ۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو افغانستان میں مکمل امن چاہتا ہے کیونکہ یہ اس کے اپنے مفاد میں ہے