نواز شریف کے پاس نہ وژن ہے، نہ سوچ اورنہ ہی سپورٹ ہے،اپنی اسٹیبلشمنٹ سے لڑنے چلے ہو، آصف زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب وزیراعظم اور وزیرداخلہ آپ کا ہے ،ادارے بھی آپ کے ماتحت ہیں اس کے باوجود رازداری ہے ؟آپ نہ سمجھیں کہ ہم ڈر جائیں گے ۔

پیپلز پارٹی کے بانی سربراہ اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر میرپور خاص میں جلسے سے خطاب میں آصف زرداری نے مراد علی شاہ کو آئندہ پھر وزیراعلیٰ سندھ بنانے کا اعلان کیا اور مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت مشکلات کا سامنا موجودہ نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔

ان کا کہناتھاکہ موجودہ حکمران جس مقصد کے لیے لائے گئے تھے اسی کوپورا کرتے رہے ،انہوں نے دوستوں کی انڈسٹریاں لگانے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا ،ان کا وزیرخارجہ پنجابی میں انگریزی بولتا ہے ،یہ ان کا شعور ہے۔

سابق صدرنےسابق وزیراعظم نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھی آپ کی ہے، مخالفت میں بھی آپ ہی کر رہے ہیں،تو یہ پردے کے پیچھے کیاچوری ہے،ہم بھی بتائیں گے کہ آپ نے کیا کیا ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ کے پاس نہ وژن ہے ،سوچ اورنہ ہی سپورٹ ہے،آپ اپنی اسٹیبلشمنٹ سے لڑنے چلے ہو،اپنی حکومت کے خلاف جلوس نکالنے چلے ہو۔

آصف زرداری کا کہناتھاکہ پیچھے کے کچھ راز تو ہمیں بھی پتہ ہیں ،سب سے بڑا راز تو آپ خود ہیں ،جو آدمی کونسلر نہیں بن سکتا ،اسے آپ ٹکٹ دیتے ہیں اور لاکھ لاکھ ووٹ سے جیت جاتا ہے ،اس طرح حکومتیں بن جاتی ہیں چلتی نہیں