
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ کوئی ایسا ہے جو چور کو عزت بھی دیتاہو ، کیا آپ گھر میں چوری کرتے شخص کو پکڑ کر عزت دیں گے اور ہار پہنائیں گے۔
عمران خان نے چکوال میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ن لیگ کا سربراہ 300 ارب روپے چوری کرکے باہر لے گیا ، اس کا اس نے جواب دینا ہے ،۔
انہوں نے کہا کہ جواب دینے کے بجائے نوا شریف کہتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا،وہ جواب دینے کے بجائے فوج اور اداروں کو بدنام کرتےہیں ، انہوں نے سعودی عرب جاکر منتیں کیں کہ وہ چوری میں پکڑے گئے ہیں انہیں بچالیں ۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آج پاکستانیوں کو ذلیل کر رہے ہیں، اگر ہم امریکا سے قرضے نہ لیتے تو اس ذلت کا سامنا نہ کرنا پڑتا ،ایک دوسرے ملک کا صدر کہہ رہا ہے کہ پاکستانی جھوٹے اور دھوکے باز ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ! ہم نہیں نوازشریف جیسے لوگ جھوٹے اور دھوکےباز ہیں ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ دعویٰ کرتا ہوں کہ اسی پاکستان سے پیسے اکٹھے کریں گے، اپنے خرچے خود پورے کریں گے،پیسہ باہر لے جانے والے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو پکڑ کر پیسہ و اپس لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ 25ارب روپے کے پیچھے ہمیں ذلیل کررہے ہیں،25ارب کے اسحاق ڈار کے بیٹے کے دبئی میں دو ٹاور ہیں ، چار سال میں پاکستانیوں نے دبئی میں 800 ارب روپے کی پراپرٹی خرید ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس دیکھیں، وہ پاکستان کی نہیں یورپ کی پولیس محسوس ہوگی ، اورنج ٹرین پر دو سو ارب روپے لگادیئے گئے ، جو تیس سال سے ڈرامے کرکے ملک کو لوٹ رہے ہیں ، ضمنی انتخاب میں ان کو سبق دینا ہے ، انہوں نے عوام کے ساتھ وہ کیا جو پاکستان کے دشمنوں نے بھی نہیں کیا۔



