نواز شریف،مریم نواز 13جولائی کو پاکستان پہنچ جائیں گے

لندن (خصوصی رپورٹ )احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے خلاف سزا کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد تمام پاکستانیوں کی نظر اس خبر پر ہے کہ مریم نواز اور نواز شریف پاکستان واپس کب آئیں گے تاہم یہ معمہ اب حل ہو گیا ہے کیونکہ اب مریم نواز نے جمعے کو وطن واپسی کا اعلان کردیا ہے،نواز شریف اور مریم نواز 13جولائی کو لندن سے لاہور پہنچیں گے ۔

لندن میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ نواز شریف اور میں جمعے کو پاکستان واپس آئیں گے ،پہلے ہمارا فیصلہ تھا کہ والدہ کے ہوش میں آنے تک واپس نہیں آئیں گے،اب ڈاکٹروں نے امید دلائی ہے کہ والدہ کو چند روز میں ہوش آجائے گا ۔ایون فیلڈ ریفرنس میں عدالت کے فیصلے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا احتساب مشرف دور میں بھی ہوا ،پرویز مشرف بھی نواز شریف کے خلاف کچھ ثابت نہ کر سکے،اب بھی نواز شریف کو نشانہ بنا یا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب یہ فیصلہ مفروضات پر مبنی ہے ،برطانیہ نے ٹرسٹ ڈیڈ کو درست قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کوئی کرپشن نہیں کی ،ان پر منی لانڈرنگ یا کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ۔