پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن ڈیسک  ) پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ نگراں حکومت نے قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گا۔ 

نجی ٹی وی کے مطابق نگراں وزیر اطلاعات علی ظفر کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ ہے اور یہ کمی سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کے ذریعے ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق نگراں حکومت نے پیٹرول اور مٹی کے تیل پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 سے 12 فیصد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ہائی سپیڈ ڈیزل میں سیلز ٹیکس کی شرح 31 سے 24 کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ لائٹ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 سے 9 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیلز ٹیکس میں شرح کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 6 روپے 37 پیسے کمی ہوئی ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے کمی کر دی گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 37 پیسے کمی کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 74 پیسے کمی ہوئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 54 پیسے کمی کی گئی ہے۔

نگراں وزیر اطلاعات علی ظفر کا کہنا ہے کہ حکومت عوامی شکایت سے متعلق مکمل آگاہ ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کی شرح میں کمی سے حکومت کو 10ا رب روپے کا نقصان ہو گا مگر اس کمی سے معاشی پہیہ تیزی سے چلے گا۔