سعودی نوجوانوں نے جان پر کھیل کر چینی انجنئیرز کو بچا لیا

واقعہ الشملی کمشنری میں پیش آیا،چینی انجنئیرز کی گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ رہی تھی

ریاض:سعودی عرب کے حائل ریجن میں دو سعودی نوجوانوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر دو چینی انجینئروں کو ڈوبنے سے بچا لیا۔واقعہ الشملی کمشنری میں پیش آیا،چینی شہریوں کی گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ رہی تھی۔
سعودی عرب کے حائل ریجن میں دو سعودی نوجوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دو چینی انجینئروں کو ڈوبنے سے بچا لیا چینی انجینئر کی گاڑی چند لمحوں میں ریلے میں بہہ جانے کا خدشہ تھا، تاہم سعودی شہری احمد ناصر العنزی اور حمود مسامع العنزی فوراً مدد کے لیے پہنچے دونوں نوجوانوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانی میں چھلانگ لگائی، گاڑی کا دروازہ کھولا، اور ایک ایک کر کے دونوں چینی انجینئروں کو باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا.
امدادی کارروائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو گورنرِ حائل، شہزادہ عبد العزیز بن سعد بن عبدالعزیز نے دونوں نوجوانوں کو خصوصی اعزاز سے نوازا اور ان کی جرات کو سراہا چینی سفیر نے بھی اپنے پیغام میں سعودی جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت مدد اور انسانیت کے جذبے نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے سعودی نوجوانوں کی اس بہادری کو سوشل میڈیا پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جارہا ہے.