وزارت تجارت نے 2013 کے آرڈر میں ترامیم کرکے یہ پر پابندی ختم کی اس حوالے سے سابقہ نوٹیفکیشن فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے
اسلام آباد(کامرس رپورٹر)ملک میں سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے ۔پاکستان میں سونے سمیت قیمتی دھاتوں اور جواہرات کی درآمد و برآمد میں اصلاحات کے تناظر میں وزارت تجارت نے 2013 کے آرڈر میں ترامیم کرکے سونے کی امپورٹ ایکسپورٹ پر پابندی ختم کر دی ہے اور اس سلسلے میں سابقہ نوٹیفکیشن فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔
نئے نوٹیفکیشن کے مطابق درآمدات کے لیے ضروری دستاویزات فراہم کرنا لازمی ہوگا، قیمتی دھاتوں اور جواہرات کی درآمد اور برآمد کے لیے متعلقہ اسکیمز کے تحت اجازت ہوگی۔
آپریشنل مسائل کی صورت میں، متعلقہ کسٹمز افسر سے رضامندی حاصل کر کے ایک بار کسٹمز اسٹیشن تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ برآمد کی آمدنی اب اسی بینک کے ذریعے ہوگی جو اصل درآمد سنبھالے گا۔
ماہرین کیمطابق سونے اور جواہرات کی امپورٹ پر پابندی ختم ہونے سے یہ مارکیٹ میں باآسانی دستیاب ہوں گے ۔ درآمد اور برآمد کیلئے دستاویزات لازمی قرار دیئے جانے سے مارکیٹ میں شفافیت آئے گی ۔ جعلی یا غیرقانونی سامان کی روک تھام ہو گی۔ کسٹمز اسٹیشن تبدیل کرنے کی اجازت سے کاروباری افراد کیلئے آپریشنل مسائل کم ہوں گے اور سامان بروقت پہنچے گا۔


