800کلومیٹر طویل شاہراہ انتہائی اہمیت کی حامل اور بلوچستان میں بڑا بریک تھرو ہے
این ایچ اے لیاری ایکسپریس وے کراچی کی ماڈل شاہراہ بنائے گا، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان
اسلام آباد(وقائع نگار)نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بلوچستان کی شاہراہ این25پاکستان ایکسپریس وے پر کام کا آغاز کر دیا ہے، 800کلومیٹر طویل یہ شاہراہ کراچی، کوئٹہ، چمن جیسے اہم روٹ کو منسلک کرے گی اوریہ اس لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اس شاہراہ کی تعمیر کا اعلان وزیر اعظم نے اس سال کیا تھا۔اس امر کا اظہار وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلوچستان کی یہ شاہراہ سٹریٹیجک اعتبار سے بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگی جبکہ رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں یہ سماجی و معاشی ترقی کے حوالے سے بھی انقلابی قدم ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایسی سڑکوں کی تعمیر بلوچستان کے لئے بڑا بریک تھرو ہے۔انہوں نے صوبے میں ایم8سمیت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا جو گوادر پورٹ کے ساتھ رابطہ کاری کے لئے نہائیت اہمیت کی حامل شاہراہیں ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات کو بلوچستان میں این ایچ اے کے تعمیراتی کاموں میں سکیورٹی امور اور دیگر معاملات پر بھی بریفنگ دی۔
ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے لیاری ایکسپریس وے کے باقی ماندہ امور جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے لیاری ایکسپریس وے کراچی بھر میں ماڈل شاہراہ ہوگی جہاں صفائی،لینڈ سکیپنگ اور خوبصورتی کے خصوصی انتظامات کر کے بہترین انفراسٹرکچر کی نئی مثال بنایا جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کراچی اور اس ضلع کے عوام کے لئے خوبصورت تحفہ ہوگا۔
وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ لیاری ایکسپریس وے پر ٹول پلازہ، لائننگ اور لائٹنگ کا کام مکمل ہو گیا ہے جس پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایم ٹیگ اور دیگر سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ مری ایکسپریس وے کی طرز پر لیاری ایکسپریس وے پر ریسٹ ایریاز اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے چیئرمین این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ خود لیاری ایکسپریس وے کا دورہ کریں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس اہم منصوبے کے لئے بعض سخت فیصلے کرنا پڑے تاکہ لیاری ایکسپریس وے پر بہتر اور معیاری کام کو یقینی بنایا جا سکے۔
عبدالعلیم خان نے اجلاس کو بتایا کہ جلد لیاری ایکسپریس وے کے افتتاح کے لئے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کو مدعو کریں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور متعلقہ افسران نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو اہم امور پر بریفنگ بھی دی۔




