کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک کے لئے شہید حکیم محمد سعید ہائی اچیومنٹ ایوارڈ 2025

گورنر ہائوس میں‌منعقدہ تقریب میں گورنر پنجاب سلیم حیدر اور چئیرپرھمدرد پاکستان سعدیہ راشد نے انہیں‌ایوارڈ دیا
ایوارڈ 2018 سے تعلیم، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی اور سماجی خدمات کے شعبوں میں نمایاں خدمات پر دیا جارہا ہے

لاہور:او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل اور پاکستان کے ممتاز سائنس دان پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں ھمدرد شہید حکیم محمد سعید ہائی اچیومنٹ ایوارڈ 2025 سے نواز دیا گیا۔
ایوارڈ کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی، جہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور چیئرپرسن ھمدرد پاکستان سعدیہ راشد نے پروفیسر چوہدری کو یہ اعزاز پیش کیا۔ یہ ایوارڈ دو سالہ بنیادوں پر 2018 سے ان شخصیات کو دیا جا رہا ہے جنہوں نے تعلیم، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی اور سماجی خدمات جیسے اہم قومی شعبوں میں نمایاں کارنامے انجام دیے ہوں۔
پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کو عالمی سطح پر قدرتی مصنوعات کی کیمسٹری، ادویاتی پودوں کی تحقیق، اور روایتی و تکمیلی طب میں جدت کے حوالے سے ایک مستند اور سرکردہ محقق کی حیثیت حاصل ہے۔ ان کی دہائیوں پر محیط علمی و تحقیقی خدمات، سینکڑوں تحقیقی اشاعتیں اور عالمی تعاون نے نہ صرف او آئی سی خطے میں سائنسی فروغ کو تقویت دی ہے بلکہ پاکستان کی سائنسی شناخت کو بھی عالمی سطح پر نمایاں کیا ہے۔
تقریب میں مقررین نے پروفیسر چوہدری کی علمی قیادت اور سائنسی جدت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے روایتی علاج کو جدید سائنسی تحقیق کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا، جو ان کے وسیع علمی وژن اور خدمات کا ثبوت ہے۔