سیول انچھن: جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول کے علاقے انچھن میں پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا (PBA Korea) کی مرکزی کابینہ کا رواں سال کا دوسرا سہ ماہی اجلاس انچھن سٹی کے علاقے سنگدو میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں کوریا میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کی کارکردگی، فلاحی سرگرمیوں، سفارتی روابط اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ترجمان PBA Korea کے مطابق، اجلاس سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ میاں محمد شکیل نے پہلی سہ ماہی کی تکمیل اور کارکردگی کے جائزے کے لیے طلب کیا، جس میں پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کی اعلی قیادت اور کابینہ کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ میاں محمد شکیل نے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے اجلاس کی کارروائی آگے بڑھائی۔میاں محمد شکیل نے گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کابینہ کے اراکین نے اپنے دیے گئے ایجنڈے کلی و جزوی طور پر مکمل کر کے رپورٹس کابینہ آفس میں جمع کروائیں۔
اس موقع پر صدر پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا رحیم شاہ نے کابینہ اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سہ ماہی میں ممبرشپ کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بزنس کمیونٹی ایسوسی ایشن سے منسلک ہو سکے۔
جنرل سیکرٹری میاں صغیر احمد نے بتایا کہ قلیل مدت میں متعدد ریکارڈ منصوبے مکمل کیے گئے، جن میں:
پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی وائس چیئرپرسن سے زوم میٹنگ
پاکستانی بزنس افراد کی کورین اتھارٹیز سے ملاقاتیں
پاکستانی بچوں کے لیے قرآن کلاسز کا اجرا
بزنس کمیونٹی تک معلومات کی تیز تر ترسیل شامل ہیں۔
فنانس سیکرٹری دلدار حسین کاشف نے جنرل اور ویلفیئر فنڈ میں اضافے کے عزم کا اظہار کیا۔ویلفیئر امور کے سربراہ حاجی شفیق خان نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی مالی معاونت کی تفصیلات پیش کیں۔ورکرز ویلفیئر ہیڈ مستنصر جاوید نے ورکرز کے باہمی تنازعات، فیکٹری اور پولیس کیسز کے حل پر روشنی ڈالی۔
تجارتی امور کے سربراہ محمد امجد سیال نے بزنس کمیونٹی کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی، جبکہ ثقافتی سرگرمیوں کے انچارج مسٹر انور کم اور مسز فاطمہ انور نے دوسری نسل کے پاکستانیوں کو فعال کرنے پر زور دیا۔
اجلاس کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے اراکین میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں، جن میںحاجی شفیق خان ، دلدار حسین کاشف، ڈاکٹر میاں صابر حسین، شیخ سونی، انور کم، مسز فاطمہ انور، مستنصر جاوید ، جنید علی شامل ہیں۔
انچھن جنوبی کوریا میں پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کی مرکزی کابینہ کا دوسرا سہ ماہی اجلاس




