او آئی سی کامسٹیک کی جانب سے نوجوان خواتین محققین کے لیے ریسرچ گرانٹس کا اعلان

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) نے رکن ممالک کی 19 نوجوان خواتین محققین کو ریسرچ گرانٹس دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ گرانٹس کامسٹیک ینگ ویمن ریسرچ گرانٹ پروگرام 2025–26 کے تحت دی گئی ہیں، جن سے استفادہ کرنے والے ممالک میں ملائیشیا، بینن، موریطانیہ، بنگلہ دیش، پاکستان، نائیجیریا، مصر اور ازبکستان شامل ہیں۔
اس پروگرام کا مقصد سائنسی معیار کو فروغ دینا، مقامی تحقیقی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور او آئی سی رکن ممالک میں نوجوان محققین، خصوصاً خواتین، کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ منتخب ہونے والی ہر محققہ کو 5 ہزار سے 6500 ہزار امریکی ڈالر تک کی گرانٹ دی دی جائیں گی، جو سائنسی آلات، تحقیقی مواد، چھوٹے تحقیقی ٹولز اور خصوصی کتب و لٹریچر کی خریداری کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔
یہ گرانٹس شفاف تفصیلاً جانچ پڑتال کے عمل کے بعد دی گئی ہیں۔ اس مقصد کے لیے موصول ہونے والی تحقیقی تجاویز کا آزاد اور بین الاقوامی ماہرین کے ذریعے جائزہ لیا گیا۔ مجموعی طور پر او آئی سی رکن ممالک سے 690 تحقیقی تجاویز موصول ہوئیں، جو خطے میں تحقیق کے حوالے سے بھرپور دلچسپی اور مسابقت کی عکاس ہیں۔ تفصیلی جانچ کے بعد بہترین اور باصلاحیت تجاویز کو مالی معاونت کے لیے منتخب کیا گیا۔
اس موقع پر کامیاب محققین کو مبارک باد دیتے ہوئے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ کامسٹیک نوجوان سائنس دانوں، بالخصوص خواتین محققین، کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے مواقع تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے اور او آئی سی خطے میں پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے گرانٹ حاصل کرنے والی خواتین کو تلقین کی کہ وہ لگن اور جدت کے ساتھ اپنی تحقیق جاری رکھیں تاکہ اپنے اپنے ممالک کے لیے بامعنی سائنسی نتائج حاصل ہو سکیں۔
واضح رہے کہ کامسٹیک ینگ ریسرچ گرانٹ پروگرام او آئی سی رکن ممالک کے درمیان سائنسی تعاون کو فروغ دینے، برین ڈرین کو کم کرنے اور مجموعی سائنسی ماحول کو مضبوط بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔