ثانیہ اشفاق کے بیان کے بعد عماد وسیم کی مبینہ گرل فرینڈ نائلہ راجہ نے ثانیہ اشفاق کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا
سوشل میڈیا صارفین کی نائلہ راجہ پر شدید تنقید،مخالفین الزام تراشی میں مشغول ہونے کے بجائے قانونی راستہ اختیارکریں، نائلہ
اسلا م آباد(کلچرل رپورٹر)سابق پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی جانب سے طلاق کے اعلان کے بعد ثانیہ اشفاق نے بھی اپنا ردعمل دیا اور اب عماد وسیم کی مبینہ گرل فرینڈ نائلہ راجہ کا بیان سامنے آیا ہے جس نے نیا ہنگامہ کھڑا کر دیا۔
ڈیجیٹل کریئیٹر اور وکیل نائلہ راجہ نے سابق پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کے بارے میں سخت ردعمل دیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نائلہ راجہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔
نائلہ راجہ نے جولائی 2025 میں سوشل میڈیا پر اس وقت شہرت حاصل کی جب کئی صارفین نے عماد وسیم اور نائلہ راجہ کو ایک ساتھ دیکھا تھا جبکہ اس وقت ثانیہ اشفاق ان کے تیسرے بچے کی امید سے تھیں۔ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئی تھیں۔
اب عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کے طلاق کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ایک بار پھر نائلہ راجہ کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ بہت سے لوگوں نے انسٹاگرام پر اپنے تبصروں میں نائلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ واضح طور پر بتائیں کہ یہ سب الزامات غلط ہیں ۔ان تبصروں کے جواب میں نائلہ راجہ نے ایک طویل پیغام لکھا جس میں انہوں نے ثانیہ اشفاق کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص واقعی ثبوت رکھتا ہے تو اسے مناسب قانونی محکموں میں پیش کرنا چاہیے۔ نائلہ نے وضاحت کی کہ بدنامی صرف جھوٹے اور نقصان پہنچانے والے دعوں پر لاگو ہوتی ہے اور اگر کوئی اصل ثبوت پیش کرنا چاہتا ہے تو کوئی بھی اسے روک نہیں سکتا۔ انہوں نے لوگوں کو الزام تراشی میں مشغول ہونے کے بجائے قانونی راستہ اختیار کرنے کا کہا۔
تاہم نائلہ کے اس ردعمل پر سوشل میڈیا صارفین نے نیا ہنگامہ کھڑا کر دیا، کئی لوگوں نے نائلہ کو گھر توڑنے والی یا جھوٹا قرار دیتے ہوئے کڑی تنقید کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ ایسا کانفیڈینس ہونا چاہیے کہ سب کچھ کر کے بھی ہم تومصوم ہیں۔ ایک اور صارف نے کہا کہ ثانیہ اشفاق نے نائلہ کا نام تک نہیں لیا، اس کے باوجود وہ خود کو ملوث ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ کچھ نے کہا کہ نائلہ کے اس طرح کے ردعمل سے یہی پتہ چلتا ہے کہ وہ مجرم ہے۔
یاد رہے کہ قبل ازیں عماد وسیم کی جانب سے اہلیہ ثانیہ کو طلاق دئیے جانے کے بیان کے بعد سابق قومی کرکٹر کی اہلیہ ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ان کا گھر اجاڑ دیا گیا، بچے اپنے والد سے محروم ہوگئے جبکہ پانچ ماہ کے بچے کو اب تک اس کے والد نے نہیں تھاما۔ثانیہ اشفاق کے مطابق شادی کے دوران مشکلات ضرور رہیں مگر تعلق برقرار رہا اور انہوں نے بطور بیوی اور ماں رشتہ نبھانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ ان کا کہنا ہے کہ معاملات اس وقت بگڑے جب ایک تیسری شخصیت ان کی ازدواجی زندگی میں داخل ہوئی، جو عماد وسیم سے شادی کی خواہشمند تھی۔ انہوں نے بچوں کے مستقبل اور گھر کے وقار کی خاطر ذہنی اذیت اور تلخ رویہ برداشت کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ انہیں خاموش رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ انصاف ضرور ہوگا اور اس معاملے سے متعلق تمام باتوں کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ دستاویزات منظرِ عام پر لانے سے روکنے کی دھمکیوں سے قانونی طور پر نمٹا جائے گا، وہ بدلے کے لیے نہیں بلکہ اپنے اور بچوں کے حق میں سچ بول رہی ہیں اور ہر اس خاتون کی آواز بننا چاہتی ہیں جسے خاموش کرادیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے مشہور سابق آل رانڈر عماد وسیم نے اپنی اہلیہ سے طویل عرصے سے اختلافات کا اعتراف کرتیہوئے طلاق دینے کا اعلان کردیا تھا۔ عماد وسیم نے کہا کہ طویل سوچ وبچار اور مسلسل اختلافات جو گزشتہ چند برسوں سے حل نہیں ہوسکے، کے بعد میں نے طلاق کے لیے کیس دائر کردیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق کرکٹر عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی شادی 2019 میں ہوئی تھی اور اب دونوں کے تین بچے بھی ہیں۔



