ajk جوائنٹ ایکشن کمیٹی معاہدہ و پیش رفت عملدرآمد اجلاس

اب تک پیش رفت پر اطمینان کا اظہار, عملدرآمد کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ وفاقی وزیر امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام

اسلام آباد (نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر, گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیرِ صدارت آزاد جموں و کشمیر کے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران ظفر حسن، چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان، ایڈیشنل سیکریٹری کامران رحمان خان سمیت وزارتِ سول ایوی ایشن, قومی صحت، مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، پاور ڈویژن، آبی وسائل اور وفاقی تعلیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے حکام نے معاہدے پر عملدرآمد کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پیش رفت سے متعلق جامع رپورٹ پیش کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اب تک پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ معاہدے پر عملدرآمد کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزاد جموں و کشمیر وزیراعظم پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور وہاں کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا وفاقی حکومت اور آزاد جموں و کشمیر حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیرامورِ کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔