مجموعی طور پر 55 لاکھ 72 ہزار 13 پاسپورٹس جاری کیے گئے
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سال 2025 کے دوران ریکارڈ تعداد میں پاسپورٹ جاری ہوئے ہیں جو گزشتہ کئی سالوں کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ محکمہ پاسپورٹس کے مطابق ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 55 لاکھ 72 ہزار 13 پاسپورٹس جاری کیے گئے، جو گزشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہیں۔
محکمہ پاسپورٹس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق نارمل کیٹیگری میں 32 لاکھ 75 ہزار 263 پاسپورٹس جاری کیے گئے، جبکہ ارجنٹ کیٹیگری کے تحت 18 لاکھ 39 ہزار 487 پاسپورٹس کا اجرا عمل میں آیا۔ اسی طرح فاسٹ ٹریک کیٹیگری میں 2 لاکھ 76 ہزار 789 پاسپورٹس جاری کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک روزگار، تعلیم اور سیاحت کے لیے بڑھتی ہوئی طلب کے باعث پاسپورٹ بنوانے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ دفاتر کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے متعدد اصلاحاتی اقدامات بھی کیے گئے، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
محکمہ پاسپورٹس کے مطابق ملک کے مختلف بڑے شہروں میں 24 گھنٹے کھلے رہنے والے پاسپورٹ دفاتر کی سہولت نے شہریوں کے لیے عمل کو نہایت آسان بنا دیا۔ اس اقدام کے باعث نہ صرف درخواستوں کا دبا کم ہوا بلکہ پاسپورٹ اجرا کی رفتار میں بھی نمایاں بہتری آئی۔
حکام نے مزید بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، عملے کی تعداد میں اضافے اور آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم کی بدولت شہریوں کو کم وقت میں بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ محکمہ پاسپورٹس کا کہنا ہے کہ آئندہ بھی عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بلا تعطل خدمات فراہم کی جا سکیں۔



